عوام کو جلد پیٹرول پر بہت بڑا ریلیف دینگے

عوام کو جلد پیٹرول پر بہت بڑا ریلیف دینگے
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران نے غریب عوام کا بجلی ریلیف رکوا دیا ، مہنگائی عمران خان کی وجہ سے ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف عوام کو جلد پیٹرولیم مصنوعات پر بہت بڑا ریلیف دینگے۔ حلقہ پی پی 140 میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ میں یہاں کے عوام کو دونوں ہاتھوں سے سلام کرتی ہوں، جتنی محبت مجھے اس گرمی کے باوجود شہر نے دی ہے میرا بس نہیں چل رہا میں عوام میں آ جائوں۔ یہاں جذبے دیکھ کر لگتا ہے کہ 17 جولائی کو شیر واپس آ رہا ہے۔ عوام کا جم غفیر گراؤنڈ کے باہر موجود ہے۔ میاں خالد محمود کو مبارکباد دیتی ہوں ، اس حلقے سے آپ الیکشن جیت چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان شیخوپورہ میں یہاں سے چھوٹا سے جلسہ کرکے گیا، بتانا چاہتی ہوں یہ شہر مسلم لیگ ن کا ہے۔ عمران خان بتا نہیں سکتا گذشتہ چار سال میں کوئی کام کیا، یہ ہمارے نام بدل کر پکارتا ہے، یہ ہمیشہ جھوٹ بولتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اڑھائی ماہ میں بہت کام کیے، لیکن عمران خان نے چار سال میں ایک کام نہیں کیا، مہنگائی ضرور ہے، اپنی کمپین شروع کرنے لگی تو لوگوں نے کہا عمران خان کی وجہ سے ہمیں مہنگائی کرنی پڑی، آئی ایم ایف کے معاہدے کے باعث ہمیں پیٹرول سمیت مہنگائی بڑھی، ن لیگ کیلئے عوام کی شفقت میں کوئی کمی نہیں آئی۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب آج بھی شیر کے ساتھ کھڑا ہے، عوام جانتی ہے مہنگائی عمران خان کی وجہ سے ہے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ پی ٹی آئی نے کیا تھا۔ مشکلیں جتنی بھی بڑی ہوں، نواز شریف، شہباز شریف سمیت مسلم لیگ ن بحرانوں سے نکالے گی۔عوام کی امید کبھی ٹوٹنے نہیں دینگے۔ مریم نواز نے کہا کہ حمزہ شہباز نے پنجاب کی عوام کو سو مفت یونٹ کا تحفہ دیا۔ خیبر پختونخوا کی عوام کو مفت بجلی دینے کے بجائے یہ عدالت چلا گیا۔ عوام کو ریلیف مل رہا ہے اس کے خلاف یہ عدالت چلا گیا ہے۔ عمران خان پنجاب کی دشمنی بہت حد تک آگے نکل گیا ہے اور اس نے ظلم کروا کر ختم کروا دیا، عوام اسے معاف نہیں کرے گی۔ 17 جولائی تک نہ صحیح 17 جولائی کے بعد پنجاب کے عوام کی بجلی مفت کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل سمیت دیگر قیمتیں تیزی سے نیچے آ رہی ہیں۔ فتنہ خان شہباز شریف آپ کے چودہ طبق روشن کرے گا۔ 75 سال بعد یہ پہلا وزیراعظم ہے جس کے اپنے لوگوں نے اسے مار مار کر عہدے سے فارغ کروایا ہے۔ ن لیگ کی نائب صدر نے مزید کہا کہ میاں خالد محمود کو ووٹ دینا، یہ شیر کا امیدوار ہے، اس نے پنجاب کا مینڈیٹ آپ کو واپس دلوایا اور اپنی سیٹ کی پرواہ نہیں کی۔ فتنہ خان کو پتہ ہے کہ اگلے سال تک ہماری حکومت رہی تو مہنگائی کم ہو جائے گی، معیشت ٹھیک ہو جائے گی، حالات ٹھیک ہو جائینگے، ان کی سیاست ختم ہو جائے گی۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔