ویب ڈیسک: کراچی میں جاں بحق ہونے والی اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش اب بھی اسپتال میں موجود ہے، کیونکہ ان کے اہل خانہ نے کراچی آ کر لاش وصول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی کے مطابق، پولیس نے مالک مکان سے اداکارہ کا نمبر حاصل کر کے اس کا سی ڈی آر نکالا، جس کے ذریعے متوفیہ کے والد اور بھائی سے رابطہ کیا گیا۔ تاہم، والد نے پولیس کو آگاہ کیا کہ انہوں نے ڈیڑھ سے دو سال قبل حمیرا سے قطع تعلق کر لیا تھا اور وہ کراچی آ کر لاش وصول کرنے کے لیے تیار نہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے اہلخانہ کو قائل کرنے کی کوشش کی، لیکن دوبارہ کوئی جواب نہیں آیا۔ ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق، کوشش جاری ہے کہ ورثاء جلد کراچی پہنچیں تاکہ قانونی کارروائی کو آگے بڑھایا جا سکے۔
ادھر حمیرا اصغر کے قبضے سے دو موبائل فون برآمد ہوئے ہیں، جن سے ڈیٹا حاصل کیا جا رہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اگر پوسٹ مارٹم یا کیمیکل ایگزامینیشن رپورٹ میں کوئی مشکوک پہلو سامنے آیا، تو مقدمہ درج کیا جائے گا۔
ایس ایس پی نے واضح کیا کہ ترجیح ہوگی کہ مقدمہ اہل خانہ کی مدعیت میں درج ہو، تاہم اگر انہوں نے تعاون نہ کیا تو پولیس خود مدعی بن کر قانونی کارروائی کرے گی۔
مزید بتایا گیا کہ شوبز انڈسٹری سے اب تک کسی نے پولیس سے رابطہ نہیں کیا، جبکہ پڑوسیوں کے مطابق حمیرا کو کئی دنوں سے آتے جاتے نہیں دیکھا گیا تھا۔ پولیس کو یہ بھی علم ہوا ہے کہ اداکارہ 2024 سے کرایہ ادا نہیں کر رہی تھیں، جس پر مالک مکان نے ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر رکھی تھی۔