ریاض : سعودی وزارت خارجہ نے وزارت سرمایہ کاری کے تعاون سے نیا ویزا ’ مستشمر زائر‘ ( انویسٹر وزیٹر) بزنس ویزا متعارف کروادیا ہے ،جسے آن لائن حاصل کیا جاسکے گا۔ اس حوالے سے سعودی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ بزنس ویزے کے اجرا کا مقصد سرمایہ کاروں کو سعودی عرب میں سرمایہ کاری کے امکانات سے واقفیت کا موقع فراہم کرنا ہے۔ وہ لوگ جو ( انویسٹر وزیٹر) بزنس ویزا حاصل کرنا چاہتے ہیں انہیں سعودی دفتر خارجہ کے مشترکہ نیشنل ویزا پورٹل پر آن لائن درخواست دینا ہوگی۔ اگلے مرحلے میں درخواست پر کارروائی ہوگی اور فوری طور پر ویزا جاری کر دیا جائے گا،انویسٹر کو بزنس ویزا ای میل پر موصول ہوگا۔ پہلے مرحلے میں اس کا دائرہ محدود ہوگا ، صرف مخصوص ملکوں کے انویسٹرز ہی یہ سہولت حاصل کرسکیں گے۔دوسرے مرحلے میں بزنس ویزا دیگر ملکوں کے انویسٹرز کے لیے بھی جاری کیا جائے گا، اس کا مقصد ’سعودی وژن 2030‘کے اہداف کی تکمیل میں آسانی پیدا کرنا ہے۔