(ویب ڈیسک ) بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کا کہنا ہے کہ کل جو بھی ہوا میں ساری چیزوں کی مذمت کرتی ہوں،کسی کو مارنا نہیں چاہیئے تھا نہ لڑائی جھگڑا ہونا چاہیئے تھا۔
علیمہ خان نے داہگل ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل جو بھی ہوا میں ساری چیزوں کی مذمت کرتی ہوں۔ جب کوئی جان کے بھیجا جاتا ہے وہ صحافت تو نہیں کرتا۔ جان بوجھ کے مستی کی گئی لوگوں کو اشتعال دلایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم یہاں اپنے بھائی کیلئے آتے ہیں۔ دوچار لوگ یہاں آتے ہیں وہ جان کر بدتمیزی کرتے ہیں۔ میں نے اپنے بیٹوں کو بھی یہاں آنے سے روکا وہ آتے تو کیا حال ہوتا۔ میرے بیٹے آتے تو ان پر بھی دہشتگردی کے پرچے کٹ جاتے۔ہم آج اسی لئے یہاں اکیلے آئے ہیں۔یہ سب جان بوجھ کے کیا جارہا ہے۔
علیمہ خان نے کہا کہ کسی کو مارنا نہیں چاہیئے تھا نہ لڑائی جھگڑا ہونا چاہیئے تھا۔ یہ کس نے کہا میری امریکہ میں پراپرٹی شوکت خانم کی فنڈ ریڈنگ سے خریدی گئی ہے۔ صحافی کا کام ہے اگر اس کے پاس ثبوت ہے تو سامنے لائے۔ میں کہہ رہی ہوں میری پراپرٹی میرے حق حلال کے پیسوں کی ہے۔ میں ٹیکسٹائل کی ایکسپورٹر ہوں ٹیکسٹائل کا کاروبار ہے۔آپ غیر متعلقہ سوال کرکے ٹیکسٹائل کاروبار کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔میری کمپنی نمائندگی میری کمپنی کرتی ہے۔ ایکسپورٹ کا کاروبار کرنے والوں پر آپ الزام لگا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نعیم پنجوتھہ نے جو کیا اسکا جواب نعیم پنجوتھہ سے پوچھیں۔ہم اپنے بھائی اور بھابھی دونوں کیلئے آتے ہیں۔یہ جو انڈا پھینکا گیا اس بارے کوئی نہیں پوچھ رہا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کی بہن کو کوئی غلط فہمی ہوئی ہوگی۔اگر میں نے اپنے اوپر انڈا خود پھینکوایا تو پولیس ان دو خواتین کو بچا کر کیوں لے گئی۔ہم پر انڈے پھینکے جائیں یا اور کوئی تذلیل کی جائے ہمیں کوئی فکر نہیں۔