لاہور ( پبلک نیوز) چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ زبانی جمع خرچ کرنے کی بجائے عوام کو ریلیف دینے کیلئے عملی اقدامات کرنا پڑیں گے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے پولیٹیکل کوآرڈ نیٹر سپیکر پنجاب اسمبلی و صدر مسلم لیگ راولپنڈی زبیر احمد خان نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی انہوں نے کہا کہ حکومت جان لے مہنگائی کو کنٹرول نہ کیا تو ہر قسم کی پرفارمنس ختم ہو جائے گی۔ کراچی میں اومی کرون وائرس کے مزید کیس سامنے آنے کے بعد فوری طور پر صوبوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنا پڑیں گی۔ چودھری پرویز الٰہی نے صدر مسلم لیگ راولپنڈی زبیر احمد خان اور فیاض تبسم کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا۔ وفد میں شہباز گوشی مرکزی نائب صدر،انجم کیانی صدر مسلم لیگ گجر خان اور چودھری بلال وڑائچ شامل تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی وجہ سے عوام کو دو وقت کی روٹی کے لالے پڑے ہوئے ہیں۔ ہمارا مذہب انسانیت کا درس دیتا ہے۔ عوام کو ریلیف دینا دراصل انسانیت کی خدمت ہے۔ اس وقت مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے جامع پلان بنانے کی ضرورت ہے۔ زبیر احمد خان نے راولپنڈی کے کنٹونمنٹ بلدیاتی الیکشن اور تنظیم سازی کے حوالے سے رپورٹ پیش کی۔ ضلعی صدر راولپنڈی زبیر احمد خان نے چودھری پرویز الٰہی کو راولپنڈی میں نئے پارٹی سیکرٹریٹ کے افتتاح کی دعوت بھی دی۔