لندن میں ماہرہ خان کی شاہ چارلس سے ملاقات، فلاحی سرگرمیوں پر گفتگو

لندن میں ماہرہ خان کی شاہ چارلس سے ملاقات، فلاحی سرگرمیوں پر گفتگو
کیپشن: لندن میں ماہرہ خان کی شاہ چارلس سے ملاقات، فلاحی سرگرمیوں پر گفتگو

ویب ڈیسک: پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے کہا ہے کہ ذہنی صحت سے متعلق گفتگو کو آج بھی معاشرے میں ہچکچاہٹ اور شرمندگی کی نظر سے دیکھا جاتا ہے، اس لیے دماغی امراض کے بارے میں شعور اور آگاہی بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

لندن میں برٹش ایشین ٹرسٹ  کی ایک تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ماہرہ خان نے ذہنی صحت، سماجی رویوں اور فلاحی سرگرمیوں پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ذہنی امراض بھی دیگر جسمانی بیماریوں کی طرح حقیقی مسائل ہیں، جنہیں سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشرے میں ہراسانی اور تشدد کے واقعات انتہائی افسوسناک ہیں اور ان کے خاتمے کے لیے اجتماعی شعور بیدار کرنا ضروری ہے۔

ماہرہ خان نے زور دیتے ہوئے کہا کہ معاشرتی رویوں اور سوچ میں مثبت تبدیلی لانا ناگزیر ہے، جبکہ قانون شکنی اور بدسلوکی میں ملوث افراد کو عبرت کا نشان بنانا بھی ضروری ہے تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

اداکارہ نے تقریب کے دوران برطانیہ کے شاہ چارلس سے ہونے والی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے ساتھ خوشگوار اور مفید گفتگو ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ شاہ چارلس نے برٹش ایشین ٹرسٹ کے ساتھ ان کی خدمات کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔

ماہرہ خان کے مطابق شاہ چارلس نے فلاحی منصوبوں اور سماجی کاموں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور ان سے مختلف سرگرمیوں کے بارے میں دریافت کیا۔ اداکارہ نے کہا کہ شاہ چارلس ایک خوش اخلاق اور باوقار شخصیت ہیں، جنہیں سماجی بہبود کے منصوبوں میں خصوصی دلچسپی ہے۔

Watch Live Public News