ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف سے ایتھوپیا کے پاکستان میں سفیر ڈاکٹر جمیل بیکر عبدللہ کی الوداعی ملاقات، وزیراعظم نے ایتھوپین سفیر کو عہدے کی مدت کامیابی سے مکمل ہونے پر مبارکباد دی۔
وزیراعظم نے پاکستان ایتھوپیا کے باہمی تعلقات مضبوط کرنے میں کردار کو سراہا۔ وزیراعظم نےایتھوپین سفیر کی عہدے کی مدت میں باہمی تجارتی معاہدہ، کراچی تا ادیس ابابا کے درمیان براہ راست پروازوں جیسے سنگ میل عبور کرنے پر خصوصی مبارکباد دی۔
وزیراعظم نے افریقہ میں ایتھوپیا کے اہم کردار کو اجاگر کیا ، وزیراعظم نے پاکستان کا ایتھوپیا کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، زراعت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ایتھوپین سفیر نے وزیراعظم سے الوداعی ملاقات پر شکریہ ادا کیا، سفیر نے اپنےعہدے کی مدت کے دوران حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی طرف سے ملنے والے تعاون اور دوستانہ ماحول پر دلی طور پر اظہار تشکر کیا۔

وزیراعظم نے ایتھوپین حکومت اور رہنماؤں کے لیے دلی احترام کے جذبات اور دونوں ممالک کے درمیان اعلی سطحی رابطے مزید بڑھانے کے خواہش کا بھی اظہار کیا.