فحش مواد کی تشہیر میں آواز اور تصویر کا استعمال،ایشوریہ رائے عدالت پہنچ گئیں

فحش مواد کی تشہیر میں آواز اور تصویر کا استعمال،ایشوریہ رائے عدالت پہنچ گئیں
کیپشن: فحش مواد کی تشہیر میں آواز اور تصویر کا استعمال،ایشوریہ رائے عدالت پہنچ گئیں

ویب ڈیسک: بالی وڈ کی عالمی شہرت یافتہ اداکارہ اور سابق مس ورلڈ ایشوریہ رائے بچن نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) پلیٹ فارمز کے خلاف نئی دہلی کی عدالت میں درخواست دائر کر دی ہے۔

یہ درخواست اس وقت سامنے آئی ہے جب متعدد آن لائن پلیٹ فارمز پر اداکارہ کی تصاویر، ویڈیوز اور آواز کو غیر قانونی طور پر نامناسب مواد کے لیے استعمال کیاگیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایشوریہ رائے کے وکلا کی ٹیم نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ مختلف اے آئی پلیٹ فارمز ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کے ذریعے اداکارہ کا نام، آواز اور تصاویر استعمال کر کے فحش نوعیت کے ویڈیوز تیار کر رہے ہیں، جو نہ صرف ان کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہے ہیں بلکہ ان کی کردار کشی کا بھی باعث بن رہے ہیں۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ایسے پلیٹ فارمز کو فوری طور پر روکا جائے تاکہ اداکارہ کی شہرت اور نجی زندگی مزید متاثر نہ ہو۔

وکلا کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست میں ایک فہرست بھی شامل ہے جس میں ان جعلی اور فحش ویب سائٹس کے نام درج ہیں جو ایشوریہ رائے کے نام سے منسوب کی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ کچھ ای کامرس ویب سائٹس بھی نشاندہی میں شامل ہیں جو اداکارہ کی اجازت کے بغیر ان کے نام سے مصنوعات فروخت کر رہی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق اداکارہ نے ابتدائی طور پر کسی بھی پلیٹ فارم کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر نہیں کیا، بلکہ ان کا مقصد صرف یہ ہے کہ غیر قانونی سرگرمیوں کو روکا جائے۔ عدالت نے ایشوریہ رائے کی درخواست پر ابتدائی سماعت کرتے ہوئے تمام فریقین کو نومبر میں دلائل کے ساتھ طلب کر لیا ہے، جب کہ کیس کی باضابطہ کارروائی جنوری 2026 میں شروع ہونے کا امکان ہے۔

Watch Live Public News