اب چیٹ جی پی ٹی آپ کی  پرانی گفتگو کو  بھی یاد رکھ سکتا ہے

اب چیٹ جی پی ٹی آپ کی  پرانی گفتگو کو  بھی یاد رکھ سکتا ہے

(ویب ڈیسک)  آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے میدان میں کام کرنے والی معروف کمپنی اوپن اے آئی نے اپنے چیٹ بوٹ " چیٹ جی پی ٹی " میں ایک بڑی اور اہم تبدیلی متعارف کرا دی ہے۔ اس نئی اپ ڈیٹ کے بعد اب چیٹ جی پی ٹی صارفین کی تمام سابقہ گفتگوؤں کو یاد رکھ سکے گا،  چاہے صارف اسے خود یاد رکھنے کا نہ بھی  کہے۔

اوپن اے آئی کے سی ای او، سیم آلٹمین نے ایکس  پر پوسٹ کرتے ہوئے اس فیچر کی تصدیق کی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے چیٹ جی پی ٹی  کی میموری کو بہت بہتر بنا دیا ہے، اب یہ آپ کی تمام پرانی گفتگوؤں کا حوالہ دے سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک حیران کن حد تک مفید فیچر ہے اور یہ اس سمت کی نشاندہی کرتا ہے جہاں اے آئی سسٹمز وقت کے ساتھ آپ کو جاننے لگیں گے اور آپ کے لیے ذاتی نوعیت کی سہولیات فراہم کریں گے۔

خیال رہے کہ اوپن اے آئی نے 2023 میں صارفین کے لیے کسٹم انسٹرکشنز کا فیچر متعارف کروا کر میموری کو بہتر بنانے کا آغاز کیا تھا، جس سے صارف اپنی ترجیحات طے کر سکتا تھا — جیسے کہ یہ بتانا کہ اس کا خاندان چار افراد پر مشتمل ہے، اور پھر چیٹ جی پی ٹی  وہ بات ذہن میں رکھتا تھا جب صارف اس سکے کھانے کی  ترکیبیں پوچھتا ہے۔

گزشتہ سال سے صارفین کو یہ سہولت بھی دی گئی تھی کہ وہ   چیٹ جی پی ٹی کو چیٹ کے دوران کسی خاص بات کو یاد رکھنے کا کہہ سکتے تھے۔ اب اس تازہ ترین اپ ڈیٹ کے بعد   چیٹ جی پی ٹی  ان باتوں کو بھی یاد رکھے گا جو آپ اسے بتائیں گے  اور ان باتوں کو بھی جو وہ خود آپ کی  گفتگو سے اخذ کرے گا۔

اوپن اے آئی کے مطابق جتنا زیادہ آپ چیٹ جی پی ٹی  کو استعمال کریں گے، یہ اتنا ہی زیادہ مفید بنتا جائے گا۔

یہ فیچر فی الحال $200 ماہانہ پرو پلان اور $20 ماہانہ پلس پلان کے صارفین کے لیے جاری کیا جا رہا ہے۔ ٹیم، انٹرپرائز اور ایجوکیشن صارفین کو یہ سہولت آئندہ چند ہفتوں میں فراہم کی جائے گی۔ تاہم، کمپنی نے یہ واضح نہیں کیا کہ مفت صارفین کو یہ فیچر کب دستیاب ہوگا۔

اگر کوئی صارف نہیں چاہتا کہ چیٹ جی پی ٹی اس کی گفتگو کو محفوظ کرے، تو وہ سیٹنگز مینو سے اس فیچر کو بند کر سکتا ہے۔ 

اوپن اے آئی کا کہنا ہے کہ اگر آپ نے پہلے ہی میموری سے آپٹ آؤٹ کر رکھا ہے تو چیٹ جی پی ٹی ڈیفالٹ کے طور پر آپ کی پرانی گفتگوؤں کا حوالہ نہیں دے گا۔ اس کے علاوہ، اگر کسی مخصوص گفتگو کو عارضی رکھنا ہو، تو صارف "ٹیمپرری چیٹ" فیچر استعمال کر سکتا ہے، جس میں کوئی بات محفوظ نہیں کی جاتی۔

Watch Live Public News