ویب ڈیسک: حکومت کی تازہ زرعی شماری رپورٹ میں پاکستان میں گدھوں کی مجموعی گنتی مکمل ہونے کے بعد صوبائی سطح پر اعداد و شمار جاری کر دیے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پنجاب اس فہرست میں سب سے آگے ہے جبکہ بلوچستان میں سب سے کم گدھے پائے جاتے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں گدھوں کی تعداد 24 لاکھ 3 ہزار ریکارڈ کی گئی، جو باقی تمام صوبوں کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ ہے۔ سندھ میں گدھوں کی تعداد 10 لاکھ 81 ہزار ہے، جس کے ساتھ وہ دوسرے نمبر پر ہے، جبکہ خیبر پختونخوا 7 لاکھ 82 ہزار گدھوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔ بلوچستان میں یہ تعداد 6 لاکھ 30 ہزار ہے جو چاروں صوبوں میں سب سے کم ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گدھوں کی گنتی 4 ہزار بتائی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق پنجاب میں بلوچستان کے مقابلے 17 لاکھ 73 ہزار، خیبرپختونخوا کے مقابلے 16 لاکھ 21 ہزار اور سندھ کے مقابلے 13 لاکھ 22 ہزار گدھے زیادہ موجود ہیں۔
زرعی شماری رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں گدھوں کی کل تعداد 49 لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔ یہ اعداد و شمار گزشتہ برسوں کے مقابلے میں اضافہ ظاہر کرتے ہیں، جس سے واضح ہوتا ہے کہ گدھوں کی افزائش میں تسلسل موجود ہے۔