اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف کو انٹیلی جنس بیورو کی ایک سال کی کارکردگی رپورٹ پیش کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق آئی بی کے ڈائریکٹر جنرل فواد اسداللہ خان نے رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی۔ وزیراعظم نے انٹیلی جنس بیورو کی ایک سال کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری، ملکی اور غیرملکی عناصر سے خطرات کے مقابلے میں آئی بی کا کردار قابل تحسین ہے ، قومی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ میں آئی بی نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وزیراعظم بننے کے بعد آئی بی کوقومی مفادات کے حوالے سے اضافی ٹاسک سونپے جو اس نے کامیابی سے حاصل کئے، ملک کے اندر مجرمانہ سرگرمیوں کے تدارک، انسداد دہشت گردی میں آئی بی نے فعال کردار ادا کیا، بروقت اطلاعات کی فراہمی سے درست فیصلہ سازی میں بھی آئی بی کا شاندار کردار رہا۔ وزیراعظم نے فواد اسداللہ کی پیشہ وارانہ قابلیت اور ادارے کو بہتر بنانے کی کاوشوں کی سراہا ، انہو ں نے کہا کہ ادارے کی غیرمعمولی کامیابیاں قابل فخر ہیں۔ وزیراعظم نے آئی بی کے افسران اور عملے کو شاباش دی اور آئی بی کے شہداءکو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ان کا کہنا تھا کہ مادر وطن کے تحفظ اور سلامتی کے لئے جام شہادت نوش کرنے والے شہداءپر قوم کو فخر ہے۔ فواد اسداللہ خان نے وزیراعظم کے آئی بی میں اعتماد اور بھرپور حمایت پر شکریہ ادا کیا ۔ آئی بی ملک کی سب سے پرانی اور بڑی سویلین انٹیلی جنس ایجنسی ہے۔