(محمد شکیل خان) کامن ویلتھ گیمز کی تیاریوں میں مصروف پاکستان کے دوسرے بہترین جیولن تھرور یاسر سلطان انٹرنیشنل معیار کے جیولن کے بغیرہی پریکٹس کرنے پر مجبور۔۔ انٹرنیشنل معیار کے جیولن کی عدم دستیابی یاسر سلطان کے تیاری میں بڑی رکاوٹ بن گئی۔۔
پنجاب اسٹیڈیم لاہور میں اپنے ٹریننگ کے دوران پبلک نیوز سے گفتتگو میں یاسر سلطان نے کہاکہ پہلے میں ارشد ندیم سے جیولن ادھار لے کر ٹریننگ کرتا تھا،آجکل میری اور ارشد ندیم کی ٹریننگ ایک ہی وقت میں ہوتی ہے جس کی وجہ سے لوکل جیولن سے پریکٹس کرنی پڑ رہی ہے اور ویسے بھی مناسب نہیں لگتا کہ ارشد کے ٹریننگ کے دوران اُن سے جیولن مانگوں کیونکہ انہوں نے بھی تیاری کرنی ہوتی ہے،
یاسر کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر فیڈریشن اور پی ایس بی سے بات ہوئی ہے۔ فیڈریشن نے انہیں انٹرنیشنل معیار کے جیولن دلانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
کامن ویلتھ گیمز کےحوالے سے یاسر نے کہاکہ کامن ویلتھ گیمز میرے لیے بہت بڑا ایونٹ ہے جس کے لیے پرجوش ہوں۔ارشد ندیم کے ساتھ اتنے بڑے پلیٹ فارم پر مقابلہ کرنا اعزاز کی بات ہوگی۔ ارشد کے ہونے سے سپورٹ بھی ہوتی اور ساتھ میں اچھا پرفارم کرنے کا پریشر بھی ہوتا ہے۔
کیپشن: کامن ویلتھ گیمز: جیولن تھرور یاسر سلطان انٹرنیشنل معیار کے جیولن کے بغیرہی پریکٹس کرنے پر مجبور