پاکستان بھارتی وزیر خارجہ کے بیانات کو سختی سے مسترد کرتا ہے، ترجمان دفتر خارجہ

پاکستان بھارتی وزیر خارجہ کے بیانات کو سختی سے مسترد کرتا ہے، ترجمان دفتر خارجہ

(ویب ڈیسک ) ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کا کہنا ہے کہ   پاکستان بھارتی وزیر خارجہ کے برسلز میں مختلف میڈیا انٹرویوز کو غیر ذمہ دارانہ بیانات کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ  اعلیٰ سفارتکاروں کی گفتگو کا مقصد اشتعال انگیز جملے بازی کی بجائے امن و ہم آہنگی کو فروغ دینا ہونا چاہیے، کسی وزیر خارجہ کے لب و لہجہ اور گفتگو کا معیار اُن کے باوقار منصب کے شایانِ شان ہونا چاہیے۔

شفقت علی خان نے کہا کہ  گزشتہ کئی سالوں سے بھارت ایک من گھڑت بیانیہ کے ذریعے خود کو مظلوم ظاہر کر کے عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی مذموم مہم میں مصروف ہے، بھارت کی مسلسل پاکستان مخالف ہرزہ سرائی اُس کے سرحد پار دہشت گردی کی پشت پناہی اور مقبوضہ کشمیر میں ریاستی ظلم و جبر پر پردہ نہیں ڈال سکتی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ   بھارت کو دوسروں پر الزامات لگانے کے بجائے خود پر نظر ڈالنی چاہیے، بھارت کو اپنی دہشت گردی، تخریب کاری اور ہدف وار قتل و غارت گری میں ملوث ہونے پر غور کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ   بھارت کو حالیہ جارحانہ اقدامات کے جواز کے لیے جھوٹے اور گمراہ کن بیانیے گھڑنے سے باز آنا چاہیے، پاکستان پرامن بقائے باہمی، مکالمے اور سفارتکاری پر یقین رکھتا ہے تاہم وہ کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنی خودمختاری کے دفاع کے عزم اور صلاحیت میں پُرعزم ہے۔

شفقت علی خان نے کہا کہ  جیسا کہ گزشتہ ماہ بھارت کے غیر ذمہ دارانہ حملوں کے بعد پاکستان کے مؤثر جواب سے ظاہر ہوا، بھارت کی جانب سے بیانیہ اُس کی مایوسی کو ظاہر کرتا ہے، یہ مایوسی اسے پاکستان کے خلاف ایک ناکام عسکری مہم کے بعد سامنے ہوئی ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ  بھارتی قیادت کو چاہیے کہ وہ پاکستان کے خلاف اپنی جنونیت ترک کرے اور اپنی گفتگو کا معیار بہتر بنائے، تاریخ اُنہیں یاد نہیں رکھے گی جنہوں نے سب سے زیادہ شور مچایا، تاریخ اُنہیں یاد رکھے گی جو سب سے زیادہ دانشمندانہ انداز میں عمل پیرا رہے۔

Watch Live Public News