ویب ڈیسک: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کے دوران بے روزگار کھلاڑیوں کے لیے ملازمتوں کا اعلان کیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے قومی ٹیم کو 8 سال بعد ورلڈ کپ کوالیفائی کرنے پر مبارکباد بھی دی۔
محسن نقوی نے ورلڈ کپ کوالیفائر ٹورنامنٹ میں ٹیم کی بہترین کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ زخمی ہاکی کھلاڑیوں کا علاج پی سی بی کے زیر اہتمام کرایا جائے گا۔ ساتھ ہی انہوں نے کھلاڑیوں کی فٹنس اور میڈیکل سپورٹ جاری رکھنے کی یقین دہانی کروائی۔
انہوں نے مزید کہا، "پی سی بی ہمیشہ کی طرح ہاکی کھلاڑیوں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا اور انہیں زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے میں ہر ممکن مدد کرے گا۔"
اس موقع پر قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ خواجہ جنید نے بھی محسن نقوی کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ "آپ کی سپورٹ نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی میں اہم کردار ادا کیا ہے اور مشکل وقت میں آپ نے کھلاڑیوں کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔"