ایشیاکپ کے آغاز پر پاکستان کرکٹ ٹیم کو بڑادھچکا

ایشیاکپ کے آغاز پر پاکستان کرکٹ ٹیم کو بڑادھچکا
کیپشن: ایشیاکپ کے آغاز پر پاکستان کرکٹ ٹیم کو بڑادھچکا

ویب ڈیسک: ایشیا کپ 2025 کی تیاریوں کے سلسلے میں قومی کرکٹ ٹیم نے بدھ کی شام دبئی میں آئی سی سی اکیڈمی میں بھرپور ٹریننگ سیشن کیا۔ کھلاڑیوں نے میدان میں فٹنس ڈرلز، اسٹریچنگ اور وارم اپ کے بعد ہلکی پھلکی مشقیں کیں، مگر ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا گردن کے درد کے باعث مکمل طور پر حصہ نہیں لے سکے۔

سلمان علی آغا ٹریننگ کے لیے اکیڈمی ضرور پہنچے لیکن ان کی گردن پر بینڈیج بندھی ہوئی تھی اور حرکت کے دوران ان کے چہرے پر تکلیف کے آثار نمایاں تھے۔ ٹیم مینجمنٹ نے ان کی حالت دیکھتے ہوئے انہیں مشقت والی مشقوں میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ کسی قسم کی پیچیدگی پیدا نہ ہو۔

ٹریننگ سیشن کے دوران دیگر کھلاڑیوں نے بھرپور انداز میں حصہ لیا اور فٹبال کھیل کر اپنی چستی برقرار رکھی۔ کھلاڑیوں نے بیٹنگ اور بولنگ کی مشقوں کے ساتھ ساتھ کیچنگ ڈرلز اور اسٹریچنگ پر بھی خاص توجہ دی۔ دوسری جانب کپتان نے زیادہ تر وقت سائیڈ لائن پر گزارتے ہوئے آرام کو ترجیح دی۔

پی سی بی کے میڈیا منیجر نے واضح کیا کہ سلمان علی آغا کو گردن میں صرف ہلکا سا اسپاسم ہے، جو زیادہ تشویشناک نہیں۔ ان کے بقول، کپتان نے احتیاطی طور پر ٹریننگ سیشن میں مکمل حصہ نہیں لیا، لیکن توقع ہے کہ آئندہ چند دنوں میں وہ فٹ ہو کر ٹیم کے ساتھ دوبارہ بھرپور انداز میں ٹریننگ کریں گے۔

ٹیم منیجمنٹ کو یقین ہے کہ سلمان علی آغا جلد مکمل طور پر فٹ ہو جائیں گے اور ایشیا کپ کے آئندہ میچز میں قیادت کے فرائض نبھانے کے لیے دستیاب رہیں گے۔ قومی ٹیم کے کھلاڑی بھی پرعزم ہیں کہ وہ بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں اور شائقین کو یادگار کارکردگی دکھائیں۔

Watch Live Public News