ہسپانوی نوجوان کھلاڑی کارلوس الکاراز نے یو ایس اوپن میں اپنا پہلا گرینڈ سلیم ٹائٹل جیت لیا اور رینکنگ میں نمبر ون بننے والے کم عمر ترین کھلاڑی بن گئے۔ 19 سالہ نوجوان نے فائنل میں ناروے کے کیسپر روڈ کے خلاف 6-4، 2-6، 7-6 (7/1)، 6-3 سے میچ اپنے نام کیا۔ الکاراز نے میچ جیتنے کے بعد کہا، یہ وہ چیز ہے جس کا میں نے بچپن سے ہی خواب دیکھا تھا، دنیا میں نمبر ایک ہونا، گرینڈ سلیم کا چیمپئن بننے کے لیے میں نے واقعی بہت محنت کی، میرے اندر اس وقت بہت سارے جذبات ہیں جو میں الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا۔ روڈ نے اس موقع پر کہا کہ آج کارلوس اور میرے لیے ایک خاص شام تھی، ہم جانتے تھے کہ کیا چیز داؤ پر لگی ہوئی ہے، اور میرے خیال میں یہ مناسب ہے کہ دونوں فائنلسٹ دنیا کے نمبر ایک اور نمبر دو ہوں گے،میں اس نمبر سے خوش ہوں اور میں اس رینکنگ اور اپنے پہلے گرینڈ سلیم کا تعاقب جاری رکھوں گا۔