بھارتی اداکارہ ٹرین حادثہ میں زخمی،مداحوں سے دعاکی اپیل

بھارتی اداکارہ ٹرین حادثہ میں زخمی،مداحوں سے دعاکی اپیل
کیپشن: بھارتی اداکارہ ٹرین حادثہ میں زخمی،مداحوں سے دعاکی اپیل

ویب ڈیسک: بالی وڈ کی ابھرتی ہوئی اداکارہ اور مشہور ویب سیریز "راگنی ایم ایم ایس ریٹرنز" سے شہرت حاصل کرنے والی کرشمہ شرما ایک خوفناک حادثے کا شکار ہو گئیں۔وہ لوکل ٹرین سے چلتی حالت میں چھلانگ لگانے کے باعث شدید زخمی ہوگئیں اور فی الحال اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

31 سالہ کرشمہ شرما نے یہ خبر خود سوشل میڈیا کے ذریعے مداحوں کو دی۔ انہوں نے انسٹاگرام اسٹوری پر حادثے کی تفصیلات بتاتے ہوئے لکھا کہ وہ چرچ گیٹ میں شوٹنگ کے لیے جا رہی تھیں اور ساڑھی پہنے ہوئے ٹرین میں سوار تھیں۔ جیسے ہی ٹرین نے تیزی پکڑی تو انہوں نے دیکھا کہ ان کے دوست ٹرین میں سوار نہیں ہو سکے۔ اسی خوف میں انہوں نے چلتی ٹرین سے چھلانگ لگا دی۔ بدقسمتی سے وہ پیچھے کی طرف گریں اور ان کا سر زور سے زمین سے ٹکرا گیا۔

اداکارہ کے مطابق حادثے میں ان کی کمر پر شدید چوٹ آئی ہے، سر سوج گیا ہے جبکہ جسم پر بھی نیل پڑ گئے ہیں۔ ڈاکٹروں نے ایم آر آئی کیا ہے اور انہیں ایک دن کے لیے آبزرویشن پر رکھا گیا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ سر کی چوٹ سنگین نوعیت کی نہ ہو۔ کرشمہ شرما نے اپنی کہانی میں مزید کہا کہ وہ شدید درد میں ہیں لیکن حوصلہ رکھ رہی ہیں اور مداحوں سے جلد صحت یابی کے لیے دعا کی درخواست کی۔

اداکارہ کے قریبی دوستوں نے بھی اسپتال سے ان کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں سے دعا کی اپیل کی ہے۔ ایک دوست نے لکھا کہ وہ کرشمہ کو زمین پر بے ہوش حالت میں پا کر فوری طور پر اسپتال لے کر گئے۔ ان کے مطابق کرشمہ کو حادثے کے بعد کچھ بھی یاد نہیں رہا اور ڈاکٹرز مسلسل ان کا معائنہ کر رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر کرشمہ کے مداح بڑی تعداد میں نیک تمناؤں اور دعاؤں کے پیغامات بھیج رہے ہیں۔ کرشمہ شرما بالی وڈ میں ابھرتی ہوئی اداکاراؤں میں شمار کی جاتی ہیں۔ وہ "راگنی ایم ایم ایس ریٹرنز", "پیار کا پنچنامہ 2" اور "اُجڑا چمن" جیسی فلموں اور ویب سیریز میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔ مداح امید کر رہے ہیں کہ وہ جلد صحت یاب ہو کر ایک بار پھر اسکرین پر واپس آئیں گی۔

Watch Live Public News