گوگل میپس میں صارفین کیلئے نیا فیچر متعارف

گوگل میپس میں صارفین کیلئے نیا فیچر متعارف
کیپشن: گوگل میپس میں تمام محفوظ مقامات ایک ساتھ چھپانے کا نیا فیچر

ویب ڈیسک: گوگل میپس میں صارفین کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرانے کی تیاری کی جا رہی ہے، جس کے ذریعے صارفین اپنے تمام محفوظ مقامات کو ایک ساتھ نقشے سے چھپا سکیں گے۔

گوگل میپس دنیا بھر میں نیوی گیشن کے لیے استعمال ہونے والی مقبول سروس ہے، جس میں صارفین اہم مقامات کو محفوظ کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں مختلف فہرستوں میں بھی ترتیب دے سکتے ہیں۔

فی الحال محفوظ مقامات کی فہرستیں گوگل میپس کے ’یو‘ ٹیب میں دیکھی جاسکتی ہیں، تاہم اگر صارفین نقشے کو محفوظ مقامات کی علامتوں سے بے ہنگم ہونے سے بچانا چاہیں تو انہیں ہر فہرست الگ الگ چھپانا پڑتی ہے۔

اینڈرائیڈ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق گوگل میپس کے نئے بیٹا ورژن میں ایک ایسے فیچر کی آزمائش دیکھی گئی ہے، جس سے تمام محفوظ مقامات کو ایک ہی مرتبہ میں چھپانا ممکن ہوگا۔

نئے فیچر میں ’آل سیوڈ پلیسز‘ کے نام سے تمام محفوظ مقامات کی ایک مشترکہ فہرست دکھائی جائے گی۔ اس فہرست کے ساتھ ’ہائیڈ آن یور میپ‘ کا آپشن بھی موجود ہوگا، جو تھری ڈاٹ مینو پر کلک کرنے سے سامنے آئے گا۔

آپشن منتخب کرنے کے بعد تصدیقی پیغام ظاہر ہوگا، جبکہ صارفین کو یہ بھی بتایا جائے گا کہ ضرورت پڑنے پر محفوظ مقامات کی فہرستوں کو دوبارہ نقشے پر کیسے بحال کیا جاسکتا ہے۔

یہ فیچر فی الحال آزمائشی مرحلے میں ہے، اس لیے عام صارفین کے لیے اس کی دستیابی کی حتمی تاریخ سامنے نہیں آئی۔

Watch Live Public News