ویب ڈیسک: وفاقی ملازمتوں میں خواتین کی تعداد سے متعلق تازہ اعداد و شمار سامنے آ گئے ہیں۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق وفاقی وزارتوں، ڈویژنوں، منسلک محکموں، ذیلی دفاتر اور آئینی اداروں میں مجموعی طور پر 31 ہزار 455 خواتین ملازمت کر رہی ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 38 وفاقی وزارتوں اور ڈویژنوں میں کل 5 لاکھ 81 ہزار 581 ملازمین کام کر رہے ہیں، جن میں سے 5 لاکھ 50 ہزار 126 مرد جبکہ 31 ہزار 455 خواتین شامل ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق وفاقی ملازمتوں میں خواتین کا تناسب 5.83 فیصد بنتا ہے۔
خواتین کی نمائندگی سے متعلق تازہ ترین ڈیٹا حاصل کرنے اور مقررہ کوٹہ پر عمل درآمد کا جائزہ لینے کے لیے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تمام وزارتوں اور ڈویژنوں کو نیا مراسلہ جاری کر دیا ہے، جس میں خواتین کے لیے مختص 10 فیصد کوٹہ پر عمل درآمد کی تفصیلی رپورٹ طلب کی گئی ہے۔