پاکستان نے بھارتی محکمہ دفاع کے پریس انفارمیشن بیورو کے اس بیان پرگہری تشویش کااظہارکیاہے جس میں کہاگیاہے کہ بدھ کے روزتکنیکی خرابی کے باعث پاکستان کی حدود میں حادثاتی طورپر فائرکئے گئے بھارتی میزائل کے واقعے کی داخلی عدالتی تحقیقات کافیصلہ کیاگیاہے۔ دفترخارجہ کے ترجمان عاصم افتخار کے مطابق بھارت کے ناظم الامور کو دفترخارجہ طلب کیاگیا اور انہیں کہاگیا کہ وہ بھارتی حکومت کوپیغام پہنچائیں کہ اس طرح کے حساس معاملات کو معمولی وضاحتوں سے حل نہیں کیاجاسکتا جس طرح بھارت نے کیاہے۔ناظم الامورکومزیدکہاگیاپاکستان توقع کرتاہے کہ ایٹمی ماحول میں میزائلوں کے حادثاتی اور غیرذمہ دارانہ استعمال کی روک تھام کے لئے سکیورٹی قوانین اور تکنیکی قواعد وضوابط کی وضاحت کی جائے گی اوراس حوالے سے کئی بنیادی سوالات کی تسلی بخش وضاحت کی جائے گی۔ انہیں بتایاگیا کہ میزائل پاکستان کی سرزمین پرگراہے اس لئے بھارت کی طرف سے داخلی عدالتی تحقیقات کرانے کافیصلہ کافی نہیں ۔ناظم الامورکوبتایاگیاکہ واقعے کے تمام حقائق کے درست تعین کے لئے مشترکہ تحقیقات کے پاکستان کے مطالبے سے بھارتی حکومت کوآگاہ کیاجائے۔