غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کیخلاف بڑا آپریشن، 21 باشندے گرفتار

غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کیخلاف بڑا آپریشن، 21 باشندے گرفتار
کیپشن: غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کیخلاف بڑا آپریشن، 21 باشندے گرفتار

 ویب ڈیسک: قانون نافذ کرنے والے اداروں نے غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کیخلاف آپریشن کرکے 21 باشندوں کو حراست میں لے لیا۔

پولیس حکام کے مطابق پاکستان رینجرز، سی ٹی ڈی اور سہراب گوٹھ پولیس نے مشترکہ طور پر اس آپریشن میں حصہ لیا۔ کارروائی کے دوران 21 افغان باشندوں کو حراست میں لے لیا گیا جو غیر قانونی طور پر ملک میں مقیم تھے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کو ابتدائی تفتیش کے بعد غیر قانونی مقیم افغانوں کیلئے قائم کردہ سینٹر میں منتقل کیا جائے گا، جہاں سے انہیں واپس افغانستان بھیجنے کا عمل مکمل کیا جائے گا۔

ڈی ایس پی سہراب گوٹھ کا کہنا تھا غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف آپریشن کا سلسلہ جاری رہے گا، اور اس دوران کسی بھی شخص کو بلا جواز ہراساں نہیں کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے واضح کیا تھا کہ افغان شہریوں اور دیگر غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی ملک بدری کی ڈیڈ لائن 30 اپریل ہے، جس میں کسی قسم کی توسیع نہیں کی جائے گی۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج سے اگر کوئی شخص کسی غیر قانونی طور پر مقیم فرد کو کرائے پر دکان، مکان یا کوئی بھی جگہ دے گا، تو وہ بھی برابر کا ذمہ دار سمجھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ افغان شہری گزشتہ 40 برس سے پاکستان کے مہمان ہیں، پاکستان نے ہمیشہ ان کی خدمت کی اور تمام تر انسانی تقاضے پورے کیے، لیکن اب جدید دنیا میں بغیر پاسپورٹ، ویزا یا قانونی شناخت کے رہائش ممکن نہیں۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان کو جعلی پاسپورٹس کے حوالے سے شکایات ملی ہیں، کئی ممالک نے بتایا کہ پاکستان کے نام پر جعلی دستاویزات استعمال کی گئیں، جنہیں پکڑا گیا اور اس پر پاکستان سے باضابطہ شکایت کی گئی۔

Watch Live Public News