یورو بانڈ کی رقم موصول، زرمبادلہ کے ذخائر میں بڑا اضافہ 

یورو بانڈ کی رقم موصول، زرمبادلہ کے ذخائر میں بڑا اضافہ 

(ویب ڈیسک)یورو بانڈ کی مد میں حاصل ہونے والی رقوم کی وصولی کے بعد پاکستان کے مجموعی ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد کل ذخائر 26 ارب 79 کروڑ ڈالر کی سطح عبور کر گئے ہیں۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق محض ایک ہفتے کے دوران اسٹیٹ بینک کے پاس موجود زرمبادلہ کے ذخائر میں 3 ارب 6 کروڑ ڈالر کا زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اس حالیہ اضافے کے بعد مرکزی بینک کے پاس خالص زرمبادلہ کے ذخائر کا حجم بڑھ کر 21 ارب 38 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ملک کے کمرشل بینکوں کے پاس موجود زرمبادلہ کے خالص ذخائر کا حجم 5 ارب 40 کروڑ 22 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے تصدیق کی ہے کہ زرمبادلہ کے قومی ذخائر میں اس بڑے اور نمایاں اضافے کی بنیادی وجہ یورو بانڈ کی مد میں فنڈز کی وصولی ہے۔

Watch Live Public News