مزارِ قائد پر یومِ آزادی کی پروقار تقریب، نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے

مزارِ قائد پر یومِ آزادی کی پروقار تقریب، نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے
کیپشن: مزارِ قائد پر یومِ آزادی کی پروقار تقریب، نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے

ویب ڈیسک: کراچی میں یومِ آزادی کے موقع پر بانیٔ پاکستان قائدِاعظم محمد علی جناح کے مزار پر تبدیلیٔ گارڈز کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان نیول اکیڈمی کے چاق و چوبند کیڈٹس نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔

ہر سال 14 اگست کو پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس مزارِ قائد پر اعزازی گارڈز کی ذمہ داریاں سنبھالتے ہیں۔ مزارِ قائد پر پاک بحریہ کے اعزازی گارڈز دو دستوں پر مشتمل ہوتے ہیں، جن میں ایک دستہ پاک بحریہ کے سیلرز جبکہ دوسرا پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس پر مشتمل ہوتا ہے۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی ریئر ایڈمرل محمد عمیر تھے، جنہوں نے مزارِ قائد پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر گورنر سندھ نہال ہاشمی اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی مزارِ قائد پر حاضری دی اور بانیٔ پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا کہ پاکستان دفاعی لحاظ سے ناقابلِ تسخیر ہوچکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے پاکستان کو للکارا، تاہم ہماری مسلح افواج نے فیلڈ مارشل کی قیادت میں دندان شکن جواب دیا، جس کے بعد دنیا نے پاکستان کی صلاحیتوں کو تسلیم کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان ووٹ کی طاقت سے وجود میں آیا۔ انہوں نے کہا کہ انگریز حکومت نے سندھ کے خلاف سازش کی، تاہم وہ ناکام رہی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 10 اکتوبر 1938 کو کراچی میں ایک قرارداد پیش کی گئی تھی، جس کے ذریعے قیامِ پاکستان کی جدوجہد میں سندھ نے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کو اس بات پر فخر ہے کہ صوبے نے پاکستان کے قیام میں نمایاں کردار ادا کیا۔

Watch Live Public News