ویب ڈیسک: ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے ایران میں عوامی سطح پر مفت اسٹار لنک انٹرنیٹ سروس فراہم کر دی ہے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، اسپیس ایکس نے ایران میں صارفین کو سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس کے ذریعے مفت انٹرنیٹ فراہم کرنے کا آغاز کر دیا ہے، کیونکہ ایران میں حالیہ دنوں میں انٹرنیٹ سروسز کو محدود کر دیا گیا تھا، جس سے ہلاکتوں کی درست تعداد کا تعین بھی مشکل ہو گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق، ایران میں پہلے سے غیر فعال اسٹار لنک اکاؤنٹس دوبارہ فعال کر دیے گئے ہیں اور ان کی سبسکرپشن فیس بھی معاف کر دی گئی ہے۔ ایران میں مختلف مقامات پر حکومت کی جانب سے انٹرنیٹ سروسز کو روکنے کے لیے جیمزر نصب کیے گئے تھے، تاہم ان کے باوجود بیشتر علاقوں میں اسٹار لنک سروس بحال ہے۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسپیس ایکس کی جانب سے انٹرنیٹ سروس کی مفت فراہمی کا فیصلہ حالیہ دنوں میں صدر ٹرمپ اور ایلون مسک کے درمیان ہونے والی ٹیلیفونک بات چیت کے بعد کیا گیا۔ اس بات چیت میں ایران میں اسٹار لنک سروس کی فراہمی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
یہ اقدام ایران میں جاری حکومت مخالف احتجاجات کے دوران معلومات کے تبادلے کے لیے اہم قدم ثابت ہو سکتا ہے، کیونکہ انٹرنیٹ کی بندش نے عوامی سطح پر آزادی اظہار کو شدید متاثر کیا تھا۔