ویب ڈیسک: کالعدم دہشتگرد تنظیم تحریک طالبان پاکستان پر اقوام متحدہ کی 15ویں رپورٹ سلامتی کونسل میں پیش کردی گئی۔
رپورٹ کے مطابق کالعدم ٹی ٹی پی کو افغانستان میں افغان طالبان کی مکمل تائید اور حمایت حاصل ہے، پاکستان میں حملےکرنے کیلئے ٹی ٹی پی کو افغانستان کے طالبان حکمرانوں کی سرپرستی حاصل ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی کو القاعدہ سے بھی آپریشنل اور لاجسٹک سپورٹ مل رہی ہے، افغانستان میں القاعدہ کے کارندے پاکستان میں حملوں کے لیے ٹی ٹی پی کی مدد کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق افغانستان میں کالعدم ٹی ٹی پی کے 6 سے ساڑھے 6 ہزار کے درمیان جنگجو موجود ہیں، جنگجو افغان طالبان کی سرپرستی میں سرگرمیاں انجام دینے کے لیے پوری طرح سے آزاد ہیں۔
یو این رپورٹ کے مطابق ٹی ٹی پی کے دہشتگردوں کو القاعدہ کے کیمپوں میں تربیت دی جا رہی ہے، کالعم ٹی ٹی پی نے ننگرہار، قندھار، کنڑ، نورستان جیسے سرحدی صوبوں میں کیمپ بنا رکھے ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کابل پاکستان کے لیے خطرہ بننے والے دہشتگرد گروپوں کے خلاف کارروائی کو تیار نہیں۔