یسری ایوب جیولن میں پاکستان کا پرچم بلند کرنے کیلئےپُرامید

یسری ایوب جیولن میں پاکستان کا پرچم بلند کرنے کیلئےپُرامید
کیپشن: یسری ایوب جیولن میں پاکستان کا پرچم بلند کرنے کیلئےپُرامید

ویب ڈیسک: ( محمد شکیل) پاکستان کی اُبھرتی ہوئی جیولن تھرو ایتھلیٹ یسری ایوب نے ورلڈ یونیورسٹی گیمز میں سلیکشن کے بعد ملک کے لیے عالمی سطح پر نمایاں کارکردگی دکھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب اسٹیڈیم میں جاری ٹریننگ کے دوران پبلک نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے یسری نے کہا کہ "طالبعلمی کے دوران انٹرنیشنل سطح پر پاکستان کے جھنڈے کے ساتھ میدان میں اترنا میرے لیے اعزاز ہے۔"

 ارشد ندیم سے متاثر، باکسنگ سے جیولن تک کا سفر

یسری نے بتایا کہ وہ ایک انٹرنیشنل باکسر کے گھرانے سے تعلق رکھتی ہیں۔ ان کے والد خود بین الاقوامی سطح پر باکسنگ کے مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔والد کو دیکھ کر باکسنگ شروع کی، پھر اسپرنٹ میں حصہ لیا، اور اب جیولن تھرو میں اپنا نام بنانے کی کوشش کر رہی ہوں۔

ورلڈ یونیورسٹی گیمز میں بہترین کارکردگی کی امید

یسری ایوب کا کہنا ہے کہ وہ ورلڈ یونیورسٹی گیمز میں اپنی بہترین کارکردگی دینے کے لیے پُرامید ہیں،ارشد ندیم اور یاسر سلطان جیسے اسٹارز کے ساتھ ایک ہی میدان میں ٹریننگ کرنا ایک الگ حوصلہ دیتا ہے اگر وہ یہاں سے اُٹھ کر دنیا میں نام بنا سکتے ہیں تو میں بھی بنا سکتی ہوں۔

 سہولیات کی کمی، حوصلے کی کمی نہیں

یسری نے انڈور ٹریننگ سہولیات کی کمی کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہمیں بھی انڈور سہولیات مل جائیں جیسے دنیا بھر کے کھلاڑیوں کو حاصل ہیں، تو ہم بھی عالمی سطح پر بہتر پرفارم کر سکتے ہیں۔

 پڑھائی اور کھیل کا ساتھ ساتھ سفر

اپنی روزمرہ روٹین کے بارے میں یسری نے بتایا کہ وہ صبح یونیورسٹی جاتی ہیں اور شام کو ٹریننگ کرتی ہیں،یہ دونوں چیزیں ایک ساتھ کرنا مشکل ہے مگر میرے والد بہت سپورٹ کرتے ہیں۔

 لڑکیوں کے لیے پیغام

یسری نے لڑکیوں کو پیغام دیا کہ اپنے خوابوں سے ڈرنا نہیں، محنت اور صبر سے ہر منزل حاصل کی جا سکتی ہے۔

 کوچ فیاض بخاری کی رہنمائی

یسری کو پاکستان کے معروف جیولن کوچ فیاض بخاری تربیت دے رہے ہیں، جو ارشد ندیم اور یاسر سلطان جیسے کھلاڑیوں کی کوچنگ بھی کر چکے ہیں۔

فیاض بخاری نے بتایا کہ یسری گزشتہ چار سال سے مسلسل محنت کر رہی ہے، بدقسمتی سے انجری کی وجہ سے پیچھے رہی لیکن صلاحیت موجود ہے، وہ آگے بہت اچھا کر سکتی ہے۔

 حکومت سے اپیل

کوچ بخاری نے حکومتِ پنجاب سے اپیل کی کہ نئے کھلاڑیوں کے لیے سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ دوسرے شہروں سے آنے والے بچوں کے لیے رہائش، کھانے اور دیگر سہولیات کی اشد ضرورت ہے۔

Watch Live Public News

اسپورٹس رپورٹر

 محمد شکیل خان ایک نوجوان اسپورٹس رپورٹر ہیں جو نہ صرف فیلڈ میں متحرک ہیں بلکہ دنیا بھر میں ہونے والے اسپورٹس ایونٹس اور خصوصا کرکٹ کے حوالے سے اپنے قارئین کو باخبر رکھا اپنا اولین فرض سمجھتے ہیں۔