فیفا ورلڈ کپ 2026: پہلے سیمی فائنل میں آج فرانس اور اسپین آمنے سامنے ہوں گے

فیفا ورلڈ کپ 2026: پہلے سیمی فائنل میں آج فرانس اور اسپین آمنے سامنے ہوں گے
کیپشن: فیفا ورلڈ کپ 2026: پہلے سیمی فائنل میں آج فرانس اور اسپین آمنے سامنے ہوں گے

ویب ڈیسک: فیفا ورلڈ کپ 2026 کا پہلا سیمی فائنل آج امریکا کے شہر آرلنگٹن میں کھیلا جائے گا، جہاں فیفا رینکنگ کی عالمی نمبر ایک فرانس اور عالمی نمبر تین اسپین فائنل میں جگہ بنانے کے لیے مدمقابل ہوں گے۔

70 ہزار سے زائد شائقین کی گنجائش والے ڈیلاس اسٹیڈیم میں کھیلا جانے والا یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 12 بجے شروع ہوگا۔

فرانس ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابلِ شکست ہے اور اپنے تمام 6 میچز جیت کر سیمی فائنل تک پہنچا ہے۔ ٹیم نے اب تک 16 گول اسکور کیے ہیں، جبکہ کپتان کیلیان ایمباپے 8 گول کے ساتھ گولڈن بوٹ کی دوڑ میں شامل ہیں۔ عثمان ڈیمبیلے بھی 5 گول کر چکے ہیں۔

دوسری جانب 2010 کی عالمی چیمپئن اسپین بھی ایونٹ میں ناقابلِ شکست رہی ہے اور 16 سال بعد ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچی ہے۔ اسپین کی جانب سے میکیل اویارزابال 4 گول کے ساتھ نمایاں اسکورر ہیں، جبکہ نوجوان اسٹار لامین یامال سے بھی اہم کردار کی توقع کی جا رہی ہے۔

دو مرتبہ کی عالمی چیمپئن فرانس فتح کی صورت میں مسلسل تیسرے اور مجموعی طور پر پانچویں ورلڈ کپ فائنل میں پہنچ جائے گی، جبکہ اسپین 16 سال بعد دوبارہ عالمی فائنل کھیلنے کے لیے میدان میں اترے گی۔

Watch Live Public News