ویب ڈیسک: بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان آج 60 سال کے ہوگئے ہیں اور اپنی سالگرہ پر اداکار نے ایک ایسا اعلان کردیا جس سے پوری انڈسٹری میں کھلبلی مچ گئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق عامر خان نے اپنی سالگرہ کے جشن سے خطاب میں کچھ ایسا عندیہ دیا جس سے لگتا ہے کہ اداکار تیسری شادی کرنے جا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جنم دن کے موقع پرعامر خان نے میڈیا نمائندگان اور انہیں کور کرنے والے فوٹوگرافرز کے اعزاز میں ایک تقریب کا انعقاد کیا جس میں انہوں نے کیک کاٹا اور میڈیا سے گفتگو بھی کی۔
عامر خان کے اس جنم دن کی سب سے اہم بات ان کی گرل فرینڈ گوری سپراٹ بن گئی ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق اس پریس میٹ کے دوران عامر خان نے اپنی 25 سالہ پرانی دوست گوری سپراٹ کے ساتھ ریلشن شپ کا اعلان کر دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’گوری اور میں 25 برس پہلے ملے تھے اور اب ہم پارٹنرز ہیں۔ ہم ایک دوسرے کے لیے بہت سنجیدہ اور کمٹڈ ہیں۔ ہم ڈیڑھ سال سے ریلیشن میں ہیں۔‘
60 سالہ اداکار نے مزید بتایا کہ انہوں نے بدھ کو اپنے ممبئی والے گھر میں اپنی گرل فرینڈ گوری کی ملاقات شاہ رخ خان اور سلمان خان سے کرائی۔
عامر خان کا کہنا تھا کہ ’گوری پروڈکشن میں کام کرتی ہیں۔ میں انہیں ہر روز گانا سناتا ہوں۔‘
اس موقع پر عامر نے اپنی فلم ’لگان‘ کے کردار بھون کا بھی تذکرہ کیا اور کہا، ’بھون کو اپنی گوری مل گئی۔‘
عامر خان نے اس موقع پر اپنی گرل فرینڈ گوری کے لیے گانا ’کبھی کبھی میرے دل میں‘ کی چند سطریں بھی گائیں۔
عامر خان کا شادی کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ ’مجھے نہیں معلوم کہ 60 سال کی عمر میں شادی مجھ پر جچتی ہے یا نہیں، میرے بچے بہت خوش ہیں۔ میں بہت خوش قسمت ہوں کہ میری اپنی سابقہ بیویوں کے ساتھ بھی بہترین تعلقات ہیں۔‘
یاد رہے کہ عامر خان کی پہلی شادی 1980 میں فلم پروڈیوسر رینا دتہ سے ہوئی تھی جو 2002 تک قائم رہی۔ اس شادی سے ان کے دو بچے جنید اور ایرا خان ہیں۔
اس کے بعد ان کی دوسری شادی فلم ڈائریکٹر کرن راؤ سے 2005 میں ہوئی جس کا 2021 میں خاتمہ ہوا۔
دوسری شادی سے ان کا ایک بیٹا آزاد ہے۔

گوری پریٹ کون ہیں؟
گوری کا تعلق بنگلور سے ہے۔ ریٹا سپراٹ کی بیٹی، جو بنگلور میں سیلون کی مالک ہیں، گوری نے تقریباً ساری زندگی بنگلور شہر میں وی بسر کی ہے۔ ابتدائی تعلیم بلیو ماؤنٹین اسکول سے حاصل کی جبکہ 2004 میں یونیورسٹی آف آرٹس، لندن سے فیشن کورس، ایف ڈی اے اسٹائلنگ اینڈ فوٹوگرافی میں کیا۔
ڈیٹنگ کب شروع کی ؟
جمعرات کو میڈیا سے بات چیت کے دوران گوری نے اعتراف کیا کہ وہ اب عامر کے ساتھ ان کے پروڈکشن ہاؤس میں کام کر رہی ہیں۔ گوری کا ایک چھ سال کا بچہ ہے اور وہ عامر کو 25 سال سے جانتی ہیں۔ انہوں نے 18 ماہ قبل ڈیٹنگ شروع کی تھی۔
عامر اور گوری نے اپنے تعلقات کو کیسے خفیہ رکھا؟
عامر خان نے میڈیا سمیت اپنے پرستاروں پر جو بم گرایا وہ یہ تھا کہ وہ گوری سے 18 ماہ سے ڈیٹنگ کررہے ہیں اور بھارتی میڈیا اور پاپارازی جو ہر اسکینڈل کو اچھالنے اور خبر نکالنے کے ماہر ہیں انہیں کچھ پتہ نہیں چل سکا۔
بھارت کا س کے سب سے بڑے فلمی ستاروں میں سے ایک 18 ماہ تک ممبئی سے بنگلور آتا جاتا رہا اور کسی نے نوٹس نہیں کیا۔
عامر خان نے اعتراف کیا کہ اس نے گوری کو اپنے خاندان اور بچوں سے بھی متعارف کرایا تھا۔ ا ن کاکہنا تھاکہ وہ اپنی فیملی اور دوستوں کو عشائیہ دینے کا پروگرام بنا رہے ہیں جس میں گوری بھی شرکت کریں گی۔
برصغیر میں ’’گوری’’ گوگل ٹرینڈز میں سر فہرست
گوگل ٹرینڈز کے مطابق، "گوری سپراٹ" کی تلاش میں جمعرات سے اضافہ ہونا شروع ہوا اور جمعہ کو عروج پر پہنچ گئی۔ سب سے زیادہ تلاش دہلی اور اس کے بعد کرناٹک، گوا، مہاراشٹر اور ہریانہ سے ہوئی ۔