ویب ڈیسک: (شکیل خٹک) اولمپکس میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے جیولن تھرو کے ماہر، ارشد ندیم نے ایک اور کامیابی کی جانب قدم بڑھا دیے۔ وہ اب ایشیئن ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل کے لیے پرعزم ہیں۔
پنجاب اسٹیڈیم میں جاری تربیت کے دوران پبلک نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم نے بتایا کہ وہ گزشتہ پانچ ماہ سے سخت محنت کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ "یہ اولمپکس کے بعد میرا پہلا بڑا ایونٹ ہے، تیاری بھرپور ہے اور پہلے کی طرح اس بار بھی صرف اپنی بہترین کارکردگی پر توجہ ہے۔"
ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ رواں ماہ 27 سے 31 مئی تک جنوبی کوریا میں منعقد ہوگی۔ ارشد کا کہنا ہے کہ دباؤ ان کے لیے نیا نہیں، کیونکہ وہ ہمیشہ خود کو ہی سب سے بڑا حریف سمجھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ "ابھی کئی بڑے مقابلے شیڈول ہیں جیسے ایشیئن گیمز، ڈائمنڈ لیگ اور ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ، مگر اس وقت میرا سارا فوکس ایشیئن ایتھلیٹکس چیمپئن شپ پر ہے۔"
2028 کے لاس اینجلس اولمپکس سے متعلق سوال پر ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ اگرچہ اس میں ابھی وقت ہے، مگر وہ وقت آنے پر اس پر مکمل توجہ دیں گے۔
ان کا کہنا تھا: "جن مقابلوں میں گولڈ میڈل نہیں جیت سکا، اب ان میں فتح حاصل کرنا میرا ہدف ہے۔" ارشد نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ ہمیشہ خود کو چیلنج کرتے ہیں، اور ہر میدان میں اپنی پچھلی کارکردگی کو بہتر بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔