پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان
حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا گیا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر کمی کردی گئی ہے۔ شہباز گل نے بتایا ہے کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 7 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 7 روپے ایک پیسہ فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پٹرول کی نئی قیمت 140 روپے 82 پیسے فی لیٹر ہوگی جبکہ ڈیزل کی نئی قیمت 137 روپے 62 پیسے فی لیٹر ہوگی۔ دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں 15 فیصد کمی ہوئی، پاکستان میں صارفین کو پورا ریلیف فراہم نہیں کیا گیا. خیال رہے کہ گزشتہ روز اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق تین تجاویز کی سمری ارسال کی تھیں۔ اتھارٹی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 8 سے 10 روپے فی لیٹر کمی کی تجویز دی تھی۔ اوگرا ذرائع کے مطابق لیوی ٹیکس بڑھانے کی صورت میں 4 روپے فی لیٹر تک کمی ہو سکتی ہے جب کہ ٹیکس دوگنا کرنے کی صورت میں قیمتیں برقرار رکھی جا سکتی ہیں۔اوگرا ذرائع کے مطابق عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 74 ڈالر فی بیرل رہی، گزشتہ ماہ کی نسبت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 فیصد تک کمی آئی ہے۔ حکومت نے گزشتہ 13 دن میں 68 تا 74 ڈالر فی بیرل تیل خریدا ہے۔ عالمی مارکیٹ کے تناسب سے قیمتوں میں کمی بنتی ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔