پارٹی سربراہی سے ہٹانے کا کیس: عمران خان کو جواب جمع کروانے کی ہدایت

پارٹی سربراہی سے ہٹانے کا کیس: عمران خان کو جواب جمع کروانے کی ہدایت
اسلام آباد: پارٹی سربراہی سے ہٹانے کے کیس کی سماعت میں الیکشن کمیشن نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کر دی ۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں کیس کی سماعت کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ درخواست گزار آفاق احمد تو پیش ہی نہیں ہو رہا ہے ۔ عدم پیروی پر عمران خان کیخلاف درخواست خارج کی جائے گئی ، جس پر الیکشن کمیشن کے رکن کے پی نے کہا کہ آپ اپنے دلائل دیں ، پھر اس معاملے کو دیکھیں گے ۔ سابق وزیر اعظم عمران خان کے وکیل بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ لاہور ہائیکورٹ الیکشن کمیشن کو عمران خان کیخلاف کارروائی سے روک چکی ہے۔ الیکشن کمیشن کے ممبر کے پی اکرام اللہ نے جواب میں کہا کہ حکم امتناع تو نااہلی کے ڈیکلریشن دینے کی حد تک لگ رہا ہے ۔ وکیل کا کہنا تھا کہ لاہور ہائیکورٹ نے معاملہ فل بنچ کو بھجوا دیا ہے ، جس پر ممبر کے پی نے بتایا کہ لاہور ہائیکورٹ میں جو درخواست دائر کی گئی تھی اس کی کاپی فراہم کریں ۔ وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا پارٹی سربراہی سے ہٹانے کا نوٹس چیلنج کیا گیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے حکمنامے میں الیکشن کمیشن کا نوٹس بھی موجود ہے ۔ الیکشن کمیشن کے ممبر کے پی نے کہا کہ درخواست آتی ہے تو آپ لوگ ہائیکورٹ پہنچ جاتے ہیں ، اسٹے آرڈر کے بعد ہمارا کام صرف آنا بیٹھنا اور جانا ہی رہ گیا ہے ۔ دوران سماعت ممبر بلوچستان نے کہا کہ ہائیکورٹ نے کیس چلانے سے نہیں روکا ہے ۔ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ موجودہ کیس میں الیکشن کمیشن نے سوموٹو لیا ہے، جس پر ممبر کے پی اکرام اللہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن سوموٹو لیتا ہے نہ ہی ایسا کوئی اختیار ہے ۔ درخواست گزار کو بھی نوٹس کر رہے ہیں کہ وہ دلچسپی رکھتا ہے یا نہیں ۔ بعد ازاں الیکشن کمیشن نے پارٹی سربراہی سے ہٹانے کے کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کو جواب جمع کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے آئندہ سماعت 7 مارچ تک ملتوی کر دی ہے ۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔