ویب ڈیسک: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حالیہ دھمکیوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اپنے وطن کے ایک ایک انچ کا دفاع کرے گا۔
سرکاری ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے اپنے بیان میں صدر پزشکیان نے امریکی صدر کی بیان بازی پر تنقید کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا امریکا اپنے فوجی مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو تقسیم کرنے کی کوشش کرنے والوں کو یہ بتانا چاہیے کہ انہیں اب تک کیا حاصل ہوا ہے۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ایران اپنے قومی مفادات اور سرزمین کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا اور ملک کے ایک ایک انچ کا بھرپور دفاع کیا جائے گا۔
دوسری جانب ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے ترجمان ابراہیم رضائی نے دعویٰ کیا کہ مخالف فریق مفاہمتی یادداشت کی تمام شقوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے باقاعدہ جنگ میں داخل ہو چکا ہے، اس لیے اب یہ مفاہمتی یادداشت عملاً غیر مؤثر ہو چکی ہے۔
ادھر ایرانی پارلیمنٹ نے آبنائے ہرمز کی سلامتی اور پائیدار ترقی سے متعلق اسٹریٹجک ایکشن پلان بھی منظور کر لیا ہے۔