(ویب ڈیسک ) خاتون اول آصفہ بھٹو کا کہنا ہے کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان باہمی احترام اور مشترکہ اقدار پر مبنی دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں۔
خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری سے پاکستان میں انڈونیشیا کے سفیر چندرا وارسینانتو سوکوتجو نے ملاقات کی۔خاتونِ اول نے انڈونیشیا کے سفیر کو پاکستان- انڈونیشیا سرمایہ کاری فورم کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔
اس موقع پر آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان باہمی احترام اور مشترکہ اقدار پر مبنی دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں،دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کی حمایت اور امن، ترقی و خوشحالی کے فروغ کیلئے مل کر کام کیا، انڈونیشیا کے بانی صدر سوکارنو اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کے درمیان قریبی دوستانہ تعلقات تھے۔
اس ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، تعلیم، صحت اور ٹیکنالوجی کی منتقلی میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ویکسین کی تیاری، خواتین کی کاروباری سرگرمیوں، سیاحت اور ثقافتی تبادلوں کے فروغ پر بھی گفتگو کی گئی۔
خاتونِ اول نے کہا کہ انڈونیشیا پاکستان کے چاول بالخصوص سندھ میں پیدا ہونے والے اعلیٰ معیار کے چاول کی اہم منڈی ہے، زرعی تعاون کے فروغ سے کسانوں اور برآمدکنندگان کیلئے نئے مواقع پیدا ہوں گے،پام آئل اور دیگر زرعی اجناس کے شعبوں میں تعاون دونوں ممالک کیلئے باہمی طور پر فائدہ مند ہے۔
انہوں نے کہا کہ زراعت، غذائی تحفظ، خواتین کی کاروباری سرگرمیوں اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں،خاندانی منصوبہ بندی اور آبادی کے انتظام میں انڈونیشیا کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔
ملاقات میں صحت، ٹیکنالوجی کی منتقلی، ویکسین کی تیاری اور پولیو کے خاتمے کیلئے تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔
سفیر نے خاتون اول کو انفوگرافکس اور تاریخی ٹائم لائنز پر مشتمل ایک یادگاری اشاعت بھی پیش کی جس میں پاکستان اور انڈونیشیا کے تعلقات کے ارتقاء کو دکھایا گیا تھا۔

انڈونیشین سفیر نے کہا کہ انڈونیشیا دوطرفہ تجارت، زراعت، سرمایہ کاری، صحت اور ثقافتی تبادلوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہے۔
خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کی دوستی مستقبل میں مزید فروغ پائے گی۔