پبلک نیوز: حکومتی اتحادی ق لیگ نے بڑھتی بیروزگاری اور مہنگائی پر اظہار تشویش کردیا، چودھری پرویز الہی کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی اجلاس میں ق لیگ نے مہنگائی اور امن و امان کی ابتر صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا.
اراکین کا کہنا تھا کہ ان وجوہات کی بنا پر حکومت کے ساتھ چلنا مشکل ہوتا جا رہا ہے ، اپنے حلقوں میں عوام کا سامنا کیسے کریں، عام آدمی اذیت میں مبتلا ہے، حکومت مشکلات کے تدارک میں ناکام دکھائی دیتی ہے، نان ایشوز کو ایشوز بنا کر عام آدمی کے زخموں پر نمک چھڑکا جارہا ہے. مسلم لیگ ق کے اراکین نے کہا کہ عام آدمی کو ریلیف نہ دیا گیا تو حالات مزید بگڑیں گے، ق لیگ نے مطالبہ کیا کہ حکومت سنجیدگی سے ان تمام ایشوز کا فی الفور ازالہ کرے، پارلیمانی پارٹی اجلاس نے فیصلوں کا اختیار چودھری پرویزالٰہی کو دیدیا.
اجلاس میں وفاقی وزراء طارق بشیر چیمہ اور مونس الٰہی اور سینیٹر کامل علی آغا شریک ہوئے، ارکان قومی اسمبلی سالک حسین، حسین الٰہی اور مسز فرخ خان نے شرکت کی. صوبائی وزراء حافظ عمار یاسر اور باؤ رضوان بھی اجلاس میں شریک ہوئے.