عمران خان کو ایک اور مقدمے میں سزاسنانے کی تیاری کی جارہی ہے، علیمہ خان

عمران خان کو ایک اور مقدمے میں سزاسنانے کی تیاری کی جارہی ہے، علیمہ خان
کیپشن: عمران خان کو ایک اور مقدمے میں سزاسنانے کی تیاری کی جارہی ہے، علیمہ خان

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی بہن علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت عمران خان کو ایک اور مقدمے میں سزا دلوانے کے لیے پرعزم نظر آ رہی ہے۔ ان کے مطابق، توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت تیزی اور غیر معمولی انداز میں کی جا رہی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عمران خان کو ایک اور سزا سنانے کا منصوبہ تیار ہے۔

علیمہ خان نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں کہا کہ وہ اب بھی مین اسٹریم میڈیا سے بات نہیں کریں گی، کیونکہ ہر بار کیمروں کے سامنے چند پلانٹڈ افراد کو بھیجا جاتا ہے جن کا مقصد صرف بدتمیزی اور ماحول کو خراب کرنا ہوتا ہے۔ ان کے بقول: “میں نہیں چاہتی کہ ان لوگوں کو دوبارہ بدتمیزی کا موقع ملے، ورنہ ہمارے کارکن اشتعال میں آئیں گے اور پھر گرفتاریاں ہوں گی۔”

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سال سے میڈیا اڈیالہ جیل کے باہر کوریج کرتا رہا ہے لیکن کسی قسم کا ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ تاہم اب جان بوجھ کر ماحول کو کشیدہ کرنے کے لیے پلانٹڈ افراد کو لایا جا رہا ہے۔ علیمہ خان نے مزید بتایا کہ ان کے خلاف اور کارکنان کے خلاف ایک اور مقدمہ بھی درج کر دیا گیا ہے تاکہ دباؤ بڑھایا جا سکے۔

علیمہ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو بھی اس بات کا علم ہے کہ انہیں ایک اور مقدمے میں سزا سنائی جانے والی ہے۔ ان کے مطابق، یہ سب کچھ منصوبہ بندی کے تحت کیا جا رہا ہے تاکہ عمران خان کو سیاست سے مکمل طور پر باہر کیا جا سکے۔

Watch Live Public News