پاکستان کا میچ ریفری کی تبدیل تک ایشیا کپ کے باقی میچز نہ کھیلنے کا فیصلہ

پاکستان کا میچ ریفری کی تبدیل تک ایشیا کپ کے باقی میچز نہ کھیلنے کا فیصلہ
کیپشن: پاکستان کا میچ ریفری کی تبدیل تک ایشیا کپ کے باقی میچز نہ کھیلنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے میچ ریفری کی تبدیل تک ایشیا کپ کے باقی میچز نہ کھیلنے کا فیصلہ کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے ایشیا کپ کے میچ ریفری کو تبدیل کرنے کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو خط لکھا تھا جس میں یہ مؤقف اختیار کیا  گیا کہ میچ ریفری نے قوانین، قواعد و ضوابط اور کرکٹ کی بنیادی روح یعنی اسپرٹ آف دی گیم کو نظر انداز کیا۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ اینڈی پائی کرافٹ نے جان بوجھ کر اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں اور ان کا رویہ کھیل کے وقار کے خلاف تھا۔ خط میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ میچ ریفری کا کنڈکٹ آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ اور ایم سی سی قوانین دونوں کی خلاف ورزی ہے، جسے کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ایکس پلیٹ فارم پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ میرے لیے عزت اور وقار سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے۔

تنازع کا پس منظر

تنازعہ اس وقت شروع ہوا جب ٹاس کے دوران میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستانی کپتان سلمان آغا سے صاف طور پر کہا کہ شیک ہینڈ نہیں ہوگا اور یہ لمحہ میڈیا پر ریکارڈ بھی نہ ہو۔ اس موقع پر پاکستان کے میڈیا منیجر کو بھی اس بات کی سختی سے تلقین کی گئی۔

میچ کے اختتام پر پاکستانی ٹیم کے منیجر نوید اکرم چیمہ نے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اینڈریو رسل سے اس رویے پر سخت تحفظات کا اظہار کیا۔ اینڈریو رسل نے جواب دیا کہ یہ ہدایات بھارتی کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) کی جانب سے آئی تھیں اور مزید کہا کہ دراصل یہ بھارتی حکومت کے دباؤ کا نتیجہ تھا۔

پی سی بی نے اپنے خط میں زور دیا ہے کہ یہ واقعہ نہ صرف کھیل کی روح کے منافی ہے بلکہ ایک بڑے عالمی ٹورنامنٹ میں کرکٹ کو تنازعات میں گھسیٹنے کی دانستہ کوشش ہے۔ بورڈ نے آئی سی سی اور ایم سی سی سے مطالبہ کیا ہے کہ میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو فوری طور پر ایشیا کپ سے ہٹایا جائے اور اس معاملے کی شفاف تحقیقات کی جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں۔

Watch Live Public News