ویب ڈیسک: بشریٰ انصاری نے شوہر ہدایت کار اقبال حسین کے ساتھ اپنے یوٹیوب چینل پر ’ ہماری ملاقات ‘ کے نام سے جاری وی لاگ میں شادی کی تصدیق ۔
تفصیلات کے مطابق وی لاگ میں اقبال حسین کا کہنا تھا کہ ہماری پہلی ملاقات 2016 میں آن ائیر ہونے والے سیریل ’سیتا باگڑی‘ کی شوٹنگ کے دوران ہوئی، اس وقت ہم دونوں کی طلاق ہوچکی تھی اور ہم دونوں ہی اکیلے تھے، اس شوٹنگ کے دوران ہی میں نے بشریٰ انصاری کو شادی کی پیشکش کی تھی۔
اداکارہ بشریٰ انصاری نے کہا کہ اقبال حسین کی طلاق مجھ سے کچھ عرصہ پہلے ہوئی اور میں نے کچھ عرصے بعد طلاق لی لیکن ہم دونوں اس وقت تک ایک دوسرے سے ملے نہیں تھے، میں نے اپنی طلاق کے حوالے سے کبھی کسی سے بات نہیں کی تھی کیونکہ مجھے طلاق کو قبول کرنے کے لیے ڈیڑھ سال کا عرصہ لگ گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ میرا شادی کا دور دور تک کوئی ارادہ نہیں تھا، میں نے اس شادی کیلئے خود کو ایک ڈیڑھ سال کا عرصہ لے کر منایا پھر اس کے بعد میں نے اپنی فیملی سے اقبال حسین کو ملوایا تو سب ان کے گرویدہ ہوگئے۔
اس موقع پر اقبال حسین کا کہنا تھا کہ وہ اپنی عمر سے بڑی خاتون سے شادی سے جُڑے معاشرے میں رائج منفی رویوں کی حوصلہ شکنی کرنا چاہتے ہیں۔
خیال رہے کہ 2019 میں بشریٰ انصاری اور اقبال حسین کی شادی کے حوالے سے خبریں سامنے آئی تھیں تاہم دونوں شخصیات کی جانب سے ان خبروں کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی تھی۔
بعد ازاں بشریٰ انصاری نے 2020 میں اپنی طلاق پر کھل کر گفتگو کی اور 2023 میں اپنی دوسری شادی کی تصدیق کی تھی لیکن انہوں نے اس وقت یہ نہیں بتایا تھا کہ ان کی شادی کس سے ہوئی ہے۔
بشریٰ انصاری نے 1978 میں اقبال انصاری سے پہلی شادی کی تھی جس کے 36 سال بعد انہوں نے طلاق لی ، دوسری جانب اقبال حسین کی پہلی شادی اداکارہ اور میزبان فرح حسین سے ہوئی تھی۔