ویب ڈیسک: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے ملاقات کی، وزیراعظم نے برطانیہ کی جانب سے پاکستانی پروازوں پر عائد پابندی کے خاتمے پر وزیر دفاع خواجہ آصف کو مبارکباد دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے برطانیہ کی جانب سے پاکستانی پروازوں پر عائد پابندی کے خاتمے پر وزیر دفاع خواجہ آصف کو مبارکباد دی اور ایویئیشن ڈویژن کی پذیرائی کی۔
وزیراعظم نے وزیر دفاع اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ کے لیے پاکستانی پروازوں کا دوبارہ آغاز پاکستان کے لیے انتہائی اہم سنگ میل ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں پاکستان تحریک انصاف کے راہنماؤں کے غیر ذمہ دارانہ بیانات کی وجہ سے پاکستانی پروازوں پر پابندیاں لگیں اور ملکی ساکھ کو نقصان پہنچا۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے لیے سفری سہولت میں اضافہ ہوگا اور سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔ ملاقات میں سیاسی و وزارتی امور پر بھی گفتگو ہوئی۔