ویب ڈیسک: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا میں ہونے والے 2027 ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے نئے فارمیٹ کی منظوری دے دی، جس کے تحت پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک اضافی میچ ہونے کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق ٹورنامنٹ میں 14 ٹیمیں شریک ہوں گی، تاہم نئے فارمیٹ کے تحت ابتدائی مرحلے کے بعد 12 ٹیمیں دو گروپس میں تقسیم ہو کر مرکزی مرحلے میں حصہ لیں گی۔
اس بار روایتی سپر سکس مرحلے کی جگہ سپر سیون مرحلہ متعارف کرایا گیا ہے، جبکہ کوارٹر فائنلز نہیں ہوں گے۔ آئی سی سی کا کہنا ہے کہ نئے فارمیٹ کا مقصد ٹورنامنٹ کو زیادہ مسابقتی بنانا اور ہر میچ کی اہمیت بڑھانا ہے۔
نئے ڈھانچے کے باعث اگر پاکستان اور بھارت گروپ مرحلے سے آگے بڑھنے میں کامیاب رہے تو سپر سیون مرحلے میں دونوں ٹیموں کے درمیان ایک اور مقابلہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔
آئی سی سی نے 2028 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فارمیٹ میں بھی تبدیلی کی منظوری دی ہے۔ ٹورنامنٹ میں 20 ٹیمیں شریک ہوں گی، جبکہ گروپ مرحلے سے 10 ٹیمیں اگلے مرحلے میں پہنچیں گی۔ سپر 10 مرحلے کی سرفہرست دو ٹیمیں براہِ راست سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی، جبکہ باقی دو سیمی فائنلسٹ کا فیصلہ نئے ایلیمینیٹر مرحلے کے ذریعے ہوگا۔
دریں اثنا، آئی سی سی نے ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کو مالی ضروریات پوری کرنے کے لیے ایک کروڑ 2 لاکھ 80 ہزار امریکی ڈالر قرض فراہم کرنے کی بھی منظوری دی ہے۔