ویب ڈیسک: دن دیہاڑے جہلم سے اغواء ہونے والی نوویں جماعت کی طالبہ کچھ ہی دیر میں گھر بھی پہنچ گئی۔
شہر کے علاقہ مشین محلہ نمبر دو سے اغواء ہونے والی لڑکی کے والد نے سٹی تھانہ میں شکایت کی کہ ان کی بیٹی کا اغواء ہو گیا ہے۔ اس حوالے سے پولیس کی جانب سے ناکہ بندی کی گئی اور تلاش بھی شروع کر دی گئی۔
علاوہ ازیں ایک ویڈیو بھی سامنے آئی جس میں لڑکی کو اغواء کیا جا رہا ہے۔ جس پر لڑکی کی والدہ نے موقف دیا ہے کہ ڈبل کیبن گاڑی میں وہ اپنی بیٹی کے ساتھ موجود تھیں۔ بیٹی کی طبیعت ناساز تھی۔ اس لیے انھوں نے اپنے محلہ دار سے لفٹ لی۔ مگر لڑکی کے والد کو شبہ ہوا کہ ڈبل کیبن میں ان کی بیٹی کو اغواء کیا جا رہا ہے۔
والدہ کے بیان کے مطابق بیٹی ان کے اپنے گھر پر پہنچ چکی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مدعی نے درخواست واپس لے لی ہے۔ اس لیے پولیس مزید کوئی کارروائی کرنے کے لیے بے بس ہے۔