ویب ڈیسک: ملک بھر میں جاری شدید گرمی کی لہر تھمنے کا نام نہیں لے رہی۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ہیٹ ویو آئندہ 3 سے 4 دن تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔
محکمے کے مطابق، جمعرات کے روز دادو اور تربت 48 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ سب سے زیادہ گرم علاقے رہے۔ ڈیرہ غازی خان میں درجہ حرارت 47 ڈگری، جبکہ بھکر، بہاولنگر، رحیم یار خان اور نوکنڈی میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ بالائی علاقوں میں بھی درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری زیادہ رہ سکتا ہے۔ ملک کے زیادہ تر علاقوں میں 20 مئی تک ہیٹ ویو جاری رہنے کا امکان ہے۔
بلوچستان: خشک گرمی کی لپیٹ میں تمام اضلاع
بلوچستان کے بیشتر علاقے اس وقت شدید گرم اور خشک موسم کی لپیٹ میں ہیں۔ پری مون سون بارشوں کا سلسلہ رکنے کے بعد درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
آج ریکارڈ کیے گئے درجہ حرارت کے مطابق:
سبی 47
تربت 48
نوکنڈی 46
ژوب اور چمن 39
گوادر 41
جیوانی اور کوئٹہ 37
قلات 34
زیارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ جنوبی اضلاع میں ایک ہفتے تک گرمی کی شدت برقرار رہے گی اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان بھی ہے۔
خیبرپختونخوا: جنوبی اضلاع میں پارہ 45 ڈگری تک پہنچنے کی توقع
خیبرپختونخوا میں بھی موسم خاصا گرم اور خشک ہے۔ پشاور میں کم سے کم درجہ حرارت 22 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔
دیگر علاقوں میں:
ڈی آئی خان: 45
کالام: 9
مالم جبہ: 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ دن کے اوقات میں غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں، پانی کا استعمال زیادہ کریں، اور بزرگ و بچوں کو دھوپ سے بچانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔