مری(پبلک نیوز) مری میں اعلیٰ افسران نے اپنے فرائض منصبی احسن طریقے سے ادا کرتے ہوئے انصاف کی اعلیٰ مثال قائم کر دی۔ ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر راولپنڈی محمد علی کی زیر نگرانی اسسٹنٹ کمشنر مری محمد عمر مقبول نے اوورسیز پاکستانی کی 15 کروڑ روپے مالیت کی جائیداد واگزار کروا کے مالک کے حوالے کردی۔ تفصیل کے مطابق امریکہ میں مقیم اوورسیز پاکستانی شیخ توقیر کی زیر ملکیت مری امپرومنٹ ٹرسٹ میں واقع پلاٹ پرقبضہ مافیا نے قبضہ کررکھا تھا اور ڈرا دھمکا کر زمین ہتھیانا چاہتے تھے۔ قبضہ مافیا سے اپنی زمین واگزار کروانے کیلئے شیخ توقیر نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو درخواست دی تاکہ انتظامیہ کی مدد سے اپنی زمین کی ملکیت قبضہ گروپ سے واپس لی جا سکے۔ اوور سیز پاکستانی کی درخؤاست پر ڈی سی راولپنڈی محمد علی نے بروقت ایکشن لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر مری محمد عمر مقبول کو فوری کارروائی کی ہدایت کی۔ جس پر اسسٹنٹ کمشنر مری نے مری امپرومنٹ ٹرسٹ اور پولیس فورس کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے مقامی قبضہ گروپ سے زمین واگزار کروا لی۔ انتظامیہ کو کارروائی کے دوران قبضہ مافیا کی جانب سے مزاحمت اور فائرنگ کا سامنا بھی کرنا پڑا تاہم پولیس نے ایک ملزم کو موقع سے گرفتار کر لیا جبکہ دوسرا فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ اوورسیز پاکستانی شیخ توقیر نے انتظامیہ کے بروقت ایکشن اور زمین کا قبضہ واگزار کرانے پر ضلعی انتظامیہ کی تعریف کی۔