ویب ڈیسک: باغوں کا شہر کہلانے والا لاہور شدید فضائی آلودگی کے باعث آج بھی دنیا کے سب سے آلودہ شہروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر موجود ہے۔
ماحولیاتی مانیٹرنگ ویب سائٹ کے مطابق لاہور میں سموگ کی مجموعی اوسط 429 اے کیو آئی ریکارڈ کی گئی۔ شہر کے مختلف علاقوں میں آلودگی کی سطح تشویشناک حد تک بڑھ چکی ہے، جہاں راوی روڈ کا اے کیو آئی 1198، لوئر مال کا 810 اور ایف سی کالج کے اطراف 706 ریکارڈ کیا گیا۔
پاکستان میں سب سے زیادہ آلودگی کا شکار گوجرانوالہ ہے جہاں فضائی آلودگی کی شرح 593 اے کیو آئی تک پہنچ چکی ہے۔ دیگر شہروں میں فیصل آباد میں ایئر کوالٹی انڈیکس 365، ملتان میں 299 اور پشاور میں 172 ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں بھارت کا دارالحکومت نئی دہلی پہلے نمبر پر ہے، جہاں اے کیو آئی 702 تک جا پہنچا ہے۔
ماہرین صحت نے شہریوں کو ماسک پہننے، غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کرنے اور گھروں میں ایئر پیوریفائر کے استعمال کی ہدایت دی ہے۔ ماحولیاتی ماہرین کے مطابق فصلوں کی باقیات جلانے، ٹریفک کے دباؤ اور صنعتی اخراج نے فضائی آلودگی کو خطرناک حد تک بڑھا دیا ہے۔