ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز مظفر گڑھ کی تحصیل علی پور پہنچ گئیں۔ وزیراعلیٰ نے گورنمنٹ ہائی سکول علی پورشہر میں لگائے گئے فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا۔ مریم نواز نے سیلاب کے دوران جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو امدادی رقم کے چیک دیئے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے سیلاب متاثرین سے ملاقات کی اور خود جا کر ہر عورت اور بچے کو کھانا پیش کیا، سیلاب سے متاثرہ خواتین کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا۔ چھوٹی بچیوں نے وزیر اعلیٰ سے لپٹ کر پیار کیا۔ وزیراعلیٰ نے فلڈ ریلیف کیمپ میں ننھی بچی کی خواہش پر کرکٹ کھیلی۔ وزیر اعلیٰ نے بال کروائے اور لڑکی کو ہٹ کرنے پر شاباش دی۔
وزیراعلیٰ نے فلڈ ریلیف کیمپ کے عارضی کلاس روم میں بچوں سے ہلکے پھلکے انداز میں گپ شپ کی، بچوں سے ان کی پڑھائی کے بارے میں پوچھا، سیلاب متاثرین سے فلڈ ریلیف کیمپ میں دستیاب سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اور متاثرہ خاندانوں کو تحائف بھی پیش کئے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے امدادی سرگرمیوں میں تعاون پر پاک بحریہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ کو متعلقہ حکام نے بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیلاب سے ضلع مظفر گڑھ کے 147 موضع میں 3 لاکھ 94 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے۔ علی پور تحصیل میں سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر، 26 دیہات زیر آب آگئے۔ سیلاب زدگان کے لیے 37 فلڈ ریلیف کیمپ اور 8 ٹینٹ سٹی بنائے گئے ہیں۔ سیلاب متاثرین کو امدادی کیمپوں میں خوراک، ادویات اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔