کراچی (ویب ڈیسک ) گزشتہ روز عمران خان کے کراچی کے جلسے میں عام عوام کے ساتھ فنکاروں نے بھی بھر پور شرکت کی جن میں معروف اداکار شامل تھے۔ جلسے کی تصاویر اداکاروں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹس پر شیئر کیں اور ساتھ ہی اپنی رائے کا اظہار بھی کر دیا ۔ نامور اداکارہ آمنہ ملک نے انسٹا اسٹوری پر جلسے کی بہت ساری ویڈیوز شیئر کیں اور انہوں نے اداکارہ تارا محمود کے ساتھ بھی اپنی سیلفی شیئر کی۔ گلوکار و اداکار ہارون شاہد تحریک عدم اعتماد کے آغاز سے ہی عمران خان کی مکمل حمایت کرتے نظر آرہے ہیں۔ہارون شاہد ناصرف خود بلکہ اپنے ہمراہ بچے اور اہلیہ کو بھی جلسے میں ساتھ لائے۔ پاکستان کے سابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی بیٹی اداکارہ تارا محمود نے بھی جلسے میں شرکت کی ۔ اداکارہ تارا نے کراچی جلسے میں شرکا کی تعداد پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ 'ہم نے آخر کار کر دکھایا'۔ اداکار منیب بٹ جلسے میں شرکت نہ کرسکے لیکن انہوں نے عمران خان سے اظہارِ یکجہتی کے اظہار کے لیے اپنی گاڑی پر پاکستان اور پی ٹی آئی کا جھنڈا لگایا اور ساتھ ہی لکھا کہ 'میں جلسے میں موجود نہیں تھا، لیکن کیا ردعمل دیا ہے کراچی نے'۔ اداکار فیروز خان نے بھی عمران خان کے کراچی میں ہونے والے جلسے میں شرکت کی اور ساتھ ہی اپنی اور جلسے کی ویڈیوز بھی شیئر کیں۔ مریم نفیس نے جلسہ گاہ سے اپنی تصاویر شیئر کیں اور لکھا کہ 'کراچی نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے، عمران خان آپ نے گھبرانا نہیں ہے'۔اداکارہ نے مزید لکھا کہ پاکستان آپ سے محبت کرتا ہے اور پاکستان کو آپ کی ضرورت ہے۔ سارہ یوسف نے بھی پاکستانی جھنڈے کے ہمراہ جلسے کی تصاویر جاری کیں۔