ویب ڈیسک: آزاد کشمیر کے حالیہ انتخابات میں سابق وزیراعظم سردار عتیق کو شکست دینے والے نومنتخب رکن ساجد اقبال نے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ اتحاد کا اعلان کردیا۔
اسلام آباد میں وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ سینیٹر رانا ثنااللہ اور مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ساجد اقبال نے کہا کہ وہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی جانب سے اعتماد کیے جانے پر ان کے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے اپنے حلقے کے عوام کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے انہیں آزاد کشمیر کی تاریخ کا سب سے بڑا مینڈیٹ دیا۔ ساجد اقبال نے واضح کیا کہ وہ اپنی جماعت کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ اتحاد کا اعلان کرتے ہیں۔
اس موقع پر رانا ثنااللہ نے کہا کہ آزاد کشمیر میں اس وقت مسلم لیگ (ن) کے 25 امیدوار کامیاب ہوچکے ہیں، جبکہ مخصوص نشستوں کے انتخاب کے بعد پارٹی کی مجموعی نشستیں تقریباً 33 ہوجائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ساجد اقبال معمولی فرق سے کامیاب ہوئے اور ان کے حلقے کے عوام نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا۔ رانا ثنااللہ کے مطابق انہوں نے ساجد اقبال سے آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کے لیے مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دینے کی درخواست کی تھی، جسے انہوں نے قبول کرلیا۔
رانا ثنااللہ نے ساجد اقبال کو مسلم لیگ (ن) کی ٹیم کا حصہ بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ آزاد کشمیر اور اپنے حلقے کی ترقی کے لیے پارٹی کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔