ویب ڈیسک: بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز اوپنر روہت شرما کو انگلینڈ کے خلاف جاری ون ڈے سیریز کے بعد قومی ون ڈے اسکواڈ سے باہر کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2027 کی تیاریوں کے پیش نظر نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل نئی ٹیم تشکیل دینے کی حکمت عملی اختیار کر لی ہے، جس کے تحت آئندہ برسوں میں نوجوان ٹیلنٹ کو زیادہ مواقع دیے جائیں گے۔
رپورٹس کے مطابق گزشتہ ہفتے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر اور قومی سلیکشن کمیٹی کے سینئر اراکین نے روہت شرما سے ملاقات کی، جس میں انہیں ٹیم کے مستقبل کے منصوبوں اور نئی حکمت عملی سے آگاہ کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ روہت شرما ون ڈے کرکٹ میں اپنے بین الاقوامی کیریئر کو جاری رکھنے کے خواہاں تھے، تاہم سلیکٹرز کا مؤقف ہے کہ 2027 کے ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے نوجوان کھلاڑیوں کو مستقل مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔
اسی منصوبے کے تحت نوجوان اوپنر یشسوی جیسوال کو ون ڈے ٹیم میں باقاعدہ موقع ملنے کا امکان ہے، جبکہ ٹیم کی تشکیل مستقبل کی ضروریات اور طویل المدتی منصوبہ بندی کو مدنظر رکھ کر کی جا رہی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سلیکٹرز نے روہت شرما کو آگاہ کر دیا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف جاری ون ڈے سیریز کے بعد وہ ٹیم کے مستقبل کے منصوبوں کا حصہ نہیں ہوں گے، تاہم اس حوالے سے بی سی سی آئی کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔
اگر میڈیا رپورٹس درست ثابت ہوئیں تو 19 جولائی کو لارڈز میں انگلینڈ کے خلاف کھیلا جانے والا ون ڈے میچ روہت شرما کے بین الاقوامی ون ڈے کیریئر کا آخری میچ ہو سکتا ہے۔