ویب ڈیسک: لاہور کے علاقے سبزہ زار میں ٹریفک قوانین کی مبینہ خلاف ورزی اور سرکاری فرائض کی انجام دہی میں مداخلت کے الزام میں معروف ٹک ٹاکر اختر لاوا کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق کریم مارکیٹ سے کھاڑک نالہ جانے والی ون وے سڑک پر ڈیوٹی کے دوران ایک گاڑی کو روکا گیا، جو مبینہ طور پر ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ون وے میں داخل ہوئی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی کو قانونی کارروائی اور چالان کے لیے روکا گیا۔
لاہور میں معروف ٹک ٹاکرلور دا پاوا اختر لاوا کے خلاف مقدمہ درج
— Sumair jamil (@sumair_shah123) July 16, 2026
ملزم ون وے اور سگنل کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آرہا تھا،ایف آئی آر
ملزم کوروکاتوکارسرکار میں مداخلت شروع کردی،دھمکیاں دیں،ایف آئی آر
ملزمان میں اخترلاوا اوراس کا ڈرائیور محمد افضل شامل ہیں،ایف آئی آر#lahore pic.twitter.com/9dyVN1aUfb
پولیس کے مطابق گاڑی روکنے پر ڈرائیور نے مبینہ طور پر احتجاج کیا اور موقع پر موجود ٹریفک وارڈنز کی ویڈیو بنانا شروع کر دی۔ صورتحال کو دیکھتے ہوئے مزید پولیس نفری طلب کی گئی، تاہم پولیس کے مطابق مذکورہ شخص اپنا موبائل فون موقع پر چھوڑ کر وہاں سے چلا گیا۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ بعد ازاں گاڑی کے ڈرائیور کی شناخت معروف ٹک ٹاکر اختر لاوا کے طور پر ہوئی، جس کے خلاف تھانہ سبزہ زار میں ٹریفک پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقدمہ ون وے کی خلاف ورزی اور سرکاری اہلکاروں کے فرائض میں مبینہ مداخلت سے متعلق دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔