ویب ڈیسک: (شکیل خٹک) بابراعظم جہاں جاتے ہیں ریکارڈ توڑدیتے ہیں،،چاہے وہ رنز کا ہو یا سب سے زیادہ پیسہ کمانے کا۔ بگ بیش لیگ میں بابر اعظم نے سڈنی سکسرز کے ساتھ معاہدہ کر لیا ہے۔ بابراعظم کو سڈنی سکسرز نے کتنےپیسے دے کر اسکواڈ کاحصہ بنایا اس کی بھی تفصیل منظرعام پرآگئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سڈنی سکسرز نے بابراعظم کو پری سائننگ کے لئے بھاری معاوضے کی پیشکش کی، بابراعظم کوانکی بیس پرائز سے زیادہ معاوضے کی پیشکش ہونے کے بعد بابراعظم نے سڈنی سکسرز کی آفر قبول کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سڈنی سکسرز نے بابر اعظم کےساتھ بگ بیش لیگ کے لئے تقریباً دس کروڑ روپے کا معائدہ کیا ہے۔اور بی بی ایل میں بابراعظم کی کیٹگری بھی پلاٹینم رکھی گئی ہے۔ پلاٹینم کیٹیگری کی بیس پرائز تقریبا پونے آٹھ کروڑ روپے ہے اس طرح بابر اعظم بی بی ایل کی تاریخ کے مہنگے ترین کھلاڑیوں میں شامل ہو گئے ہیں۔
یاد رہے کہ بابر اعظم پہلی بار بی بی ایل میں شِرکت کر رہے ہیں۔
دوسری جانب بگ بیش لیگ کے لئے غیرملکی کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کا عمل مکمل ہو گیا۔پاکستان ٹی ٹونٹی کے کپتان سلمان علی آغا نے بی بی ایل 15 اور پاکستان کی نمبر ون ٹی ٹونٹی باؤلر سعدیہ اقبال نے ویمن بی بی بی ایل کے لیے رجسٹریشن کردی۔ بگ بیش لیگ کے ڈرافٹ میں 600 سے زائد غیر ملکی کھلاڑیوں نے رجسٹریشن کرائی ہے۔
محمد رضوان،حارث رؤف ،حسن علی، ابرار احمد، شاہین آفریدی سمیت پاکستان کے 70 سے زائدکھلاڑیوں نے بی بی ایل کے ڈرافٹ کے لیے رجسٹریشن کرائی جبکہ ویمنز بگ بیش کے لیے پاکستان کی 11 کھلاڑیوں نے رجسٹریشن کرائی ہے، بی بی ایل کی فرنچائز سڈنی سکسرز نے بابراعظم کو پہلے ہی سائن کر لیا ہوا ہے۔ بگ بیش لیگ کا ڈرافٹ 19 جون کو ہوگا جبکہ بگ بیش لیگ 14 دسمبر سے آسٹریلیا میں شروع ہوگی۔