(ویب ڈیسک ) کمشنر کراچی کی جانب سے شہر کی 20 سڑکوں پر رکشوں کے داخلے پر پابندی لگادی گئی ہے۔
اس حوالے سے کمشنر کراچی نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 20 سڑکوں پر رکشے چلانے پر پابندی ڈی آئی جی ٹریفک کی سفارش پر لگائی گئی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی کی 20 سڑکوں پر 3 سیٹر اور 5 سیٹر رکشوں کے داخلے پر پابندی ہوگی۔20 سڑکوں پر رکشوں کے داخلے پر پابندی 2 ماہ کیلئے عائد کی گئی ہے۔ ٹریفک پولیس کو پابندی پر عملدرآمد کرانےکے لیے اختیارات دے دیےگئے ہیں۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ شارع فیصل، شاہراہ قائدین، آئی آئی چندریگرروڈ، شیرشاہ سوری روڈ، شہیدملت روڈ، عبداللہ ہارون روڈ، دوتلوار شاہراہ فردوس، اسٹیڈیم روڈ، سرشاہ سلیمان روڈ، راشد منہاس روڈ ، ماڑی پور روڈ، شاہراہ پاکستان، حب ریورروڈ، قائدآباد سے لانڈھی89، یونیورسٹی روڈ،کورنگی روڈ، اورنگی روڈ، سپرہائی وے سے ملیرہالٹ اور سرجانی عبداللہ چوک پر رکشوں پر پابندی لگائی گئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی کی 11 سڑکوں پر رکشوں کے داخلے پر پابندی عائدکی گئی تھی۔